پنجاب اور خیبرپختونخوا میں اس بار گیس لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی

سسٹم میں وافر ایل این جی موجود ہے، صارفین سے اپیل ہے کہ وہ اس قومی اثاثے کو ضائع نہ کریں اور ضرورت کے مطابق ہی استعمال کریں،منیجنگ ڈائریکٹر سوئی ناردرن گیس کمپنی

جمعرات 23 نومبر 2017 13:47

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں اس بار گیس لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی
لا ہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 نومبر2017ء) سوئی ناردرن گیس کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس بار سردیوں میں پنجاب اور خیبر پختونخوا میں گیس کی لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی اور گھریلو، انڈسٹری، پاور اور سی این جی سیکٹرز سب کو ملے گی۔ لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سوئی ناردرن گیس کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر امجد لطیف کا کہنا تھا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ اس سال گیس بحران نہیں ہوگا کیونکہ سسٹم میں وافر ایل این جی موجود ہے جس کی وجہ سے گیس لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی۔

امجد لطیف نے کہا کہ گیس سستا ترین ایندھن ہے لیکن صارفین سے اپیل ہے کہ وہ اس قومی اثاثے کو ضائع نہ کریں اور ضرورت کے مطابق ہی استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کو عوام کا تعاون درکار ہے، جن علاقوں میں گیس پریشر کم ہے وہاں ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

ایم ڈی سوئی ناردرن گیس کمپنی نے کہا کہ 24 لاکھ درخواستیں زیر التوا ہیں کوشش ہے کہ 30 جون تک دس لاکھ نئے گیس کنکشن دیئے جائیں، صرف ان ہاؤسنگ کالونیوں کو گیس دیں گے جن کے پاس ایل ڈی اے کا این او سی ہوگا۔انہوں نے کہا کہ گیس چوری کے خلاف آپریشن میں کوئی دباؤ قبول نہیں کریں گے۔ایم ڈی سوئی ناردرن گیس کمپنی کا کہنا تھا کہ گیس سستا ترین فیول ہے صارفین سے اپیل ہے کہ اس قومی اثاثے کوضائع نہ کریں، ضرورت کے مطابق ہی استعمال کریں۔