کراچی میں فائرنگ سے دوافراد جاں بحق جبکہ پولیس نے شہرکے مختلف علاقوں سے 4ملزمان کو گرفتار کرلیا

جمعرات 23 نومبر 2017 13:18

کراچی میں فائرنگ سے دوافراد جاں بحق جبکہ پولیس نے شہرکے مختلف علاقوں ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2017ء) کراچی میں فائرنگ سے دوافراد جاں بحق جبکہ پولیس نے شہرکے مختلف علاقوں سے 4ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق رات گئے کراچی کے علاقے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر ہوٹل پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی ،جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں حق ہوگیا۔ریسکیوذرائع کے مطابق ،ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت شمس اللہ کے نام سے ہوئی ہے ،مقتول کو 4 گولیاں ماری گئیں، شمس اللہ الاصف اسکوائر کا رہائشی تھا۔

لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہیداسپتال منتقل کردیاگیا۔دوسری جانب سخی حسن میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جس کی شناخت نہیں ہوسکی ہے ،لاش کو عباسی شہیداسپتال منتقل کردیا گیا۔ادھرکورنگی انڈسٹریل ایریا میں پولیس کی بھاری نفری نے سرچ آپریشن کیا اور مختلف علاقوں کی تلاشی کے دوران 2افراد کو حراست میں لے کر تھانہ منتقل کر دیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق،سرچ آپریشن دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔لیاقت آباد میںکراچی پولیس نے سیکورٹی اداروں کا نام پربھتہ لینے والے دو بھتہ خوروں کو گرفتار کرلیا ہے۔گرفتارہونیو الوں میں سے ایک سیاسی جماعت کا کارندہ خود کو سیکیورٹی ادارے کا مخبر ظاہر کرتا تھا۔پولیس کے مطابق پولیس نے بھتہ خوروں سہیل اور رفیق کوگرفتار کرلیا۔ملزم سہیل نے خود کو بچانے کیلئے خود کوسیکیورٹی اداروں کا مددگار اور سیاسی جماعت کا کارکن قراردیا۔پولیس نے دونوں ملزموں کو عادی مجرم قرار دے دیا۔ملزمان عوام کی شکایت پرپہلے بھی گرفتار ہوچکے ہیں۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔