Live Updates

جمہوریت کو کوئی خطرہ محسوس ہوا تو نوازشریف کی آواز کا انتظار نہیں کرینگے ،

ڈگمگاتے نواز شریف کا ہاتھ نہیں تھامیں گے ‘ سینیٹر سعید غنی پی ٹی آئی طالبان کا سیاسی ونگ ،عمران خان کا چہرہ سیاست میں انکی نمائندگی کرتا ہے ،اگر کوئی ادارہ یا فرد جماعتوں کو اکٹھا کریگا تو پھر سوال اٹھیں گے ہر اسائیں جیسے کارکن کسی بھی جماعت کا اثاثہ ہوتے ہیں، مرحوم کے صاحبزادے سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو

جمعرات 23 نومبر 2017 13:00

جمہوریت کو کوئی خطرہ محسوس ہوا تو نوازشریف کی آواز کا انتظار نہیں کرینگے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر سعید غنی نے کہا ہے کہ اگر جمہوریت کو کوئی خطرہ محسوس ہوا تو نوازشریف کی آواز کا انتظار نہیں کریں گے البتہ اپنی غلطیوں، کوتاہیوں اور غلط پالیسیوں کی وجہ سے کمزور ہونے والے نواز شریف کو سہارا دینے کیلئے ان کا ہاتھ نہیں تھامیں گے،تحریک انصاف طالبان کا سیاسی ونگ ہے اور عمران خان ایسا چہرہ ہے جو سیاست میں ان کی نمائندگی کرتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی کے کارکن محمد صدیق عرف ہرا سائیں کے انتقال پر ان کے صاحبزادے محمد اکبر سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ ہرا سائیں جیسے کارکن کسی بھی پارٹی کااثاثہ ہوتے ہیں اور پیپلز پارٹی کی بنیاد ہی ایسے کارکنوں کی وجہ سے ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب ہم نے میثاق جمہوریت کے مطابق آئینی عدالتوں کے قیام کی بات کی تو نواز شریف نے اس سے انکار کیا کیونکہ وہ افتخار محمد چوہدری کو کمزور نہیں کرنا چاہتے تھے ۔

جب مشرف کے دور میں اے آر ڈی بنی تو ا س وقت نواز شریف تنہا تھے اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے انہیں اے آر ڈی میں شامل کر کے اس تنہائی سے نکالا لیکن پھر ایسا بھی ہوا کہ وہ اسے چھوڑ گئے ۔ شہباز شریف اورچوہدری نثار علی خان راتوں میں کہیں خفیہ ملاقاتیں کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف ہمارے خلاف سپریم کورٹ میں گئے انہیں اس وقت کیوں یاد نہیں آیا کہ جمہوریت کمزور ہو گی۔

پارلیمنٹ کو یہ اہمیت نہیںدیتے۔ نواز شریف سمجھتے ہیں کہ سب کچھ اکیلے ہی چلا سکتے ہیں تو مشکل وقت میں بھی اکیلے ہی اس کا مقابلہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے ساتھ ہماری کمٹمنٹ میں کوئی فرق نہیں آیا ، جمہوریت اور نواز شریف ایک چیز کانام نہیں ، جمہوریت کو کوئی خطرہ ہوا تو نواز شریف کی آواز کا انتظار نہیں کریں گے لیکن اپنی غلطیوں، کوتاہیوں اور غلط پالیسیوں کیو جہ سے کمزور ہونے والے نواز شریف کیلئے قطعاً آگے نہیں آئیں گے ۔

جمہوریت کے استحکام اور اس کی مضبوطی کے لئے پیپلز پارٹی کی سوچ اور ماضی سب کے سامنے ہے ،لیکن اگرکوئی یہ کہے کہ ڈگمگاتے ہوئے نواز شریف سے ہاتھ ملایا جائے تو یہ نظر نہیںآرہا ۔ انہوںنے اسحاق ڈار کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ اس میں اب بہت تاخیر ہوگئی ہے اب بھی انہوںنے استعفیٰ نہیں دیا بلکہ رخصت کی درخواست بھیجی ہے لیکن یہ بھی درست فیصلہ ہے۔

انہوںنے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کراچی کی سیاست بہتر ہو رہی ہے اور وہاں کی عوام کی خوش قسمتی ہے کہ 2018ء میں وہ جسے ووٹ دیں گے وہی جیتے گا۔ اس سے قبل انتخابات میں کراچی کی عوام کی خواہشات اور سوچ کی ترجمانی نہیں ہوئی وہ ووٹ کسی اور کو دیتے تھے اور بیلٹ باکس میں سے ووٹ کسی او رکے نکلتے تھے۔ انہوںنے کہا کہ ہم سیاسی جماعوں کے الحاق یا اتحاد کے مخالف نہیں بیشک ایم کیو ایم کے تمام دھڑے اکٹھے ہو جائیں لیکن جب کوئی ادارہ یا فرد انہیں اکٹھا کرے گا تو اس پر اعتراض ہوگا او رپھر یہ خدشات بھی ہوںگے کہ انہیں جتوایا بھی جائے گا ۔

الطاف حسین کی ایم کیوکی طرح فاروق ستار کی ایم کیو ایم کو جتوایا جائے گا تو پھر کراچی میں امن و امان کیلئے کئے جانے والے آپریشن کا کوئی فائدہ نہیں ہو سکتا ۔ کراچی میں پولیٹیکل انجینئرنگ ، انتخابات میں مداخلت کی گئی تو کراچی کے حالات دوبارہ خراب ہو سکتے ہیں ۔ سیاسی فیصلوں کاحق سیاسی جماعتوں کو دیا جائے اور جسے عوام ووٹ دیں اسے ہی جیتنا چاہیے ۔

انہوںنے پی ٹی آئی او رجے یو آئی (س) میں اتحا د کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ یہ کوئی انوکھی بات نہیں، پی ٹی آئی طالبان کا سیاسی ونگ ہے اور ان کے سوفٹ امیج کے لئے عمران خان ایسا چہرہ ہے جو سیاست میں ان کی نمائندگی کرتا ہے ۔ 2013ء کے انتخابات میں پیپلزپارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کو دہشتگردوں نے انتخابی مہم چلانے سے روکا جبکہ پی ٹی آئی اور (ن) لیگ کو مہم چلانے کی مکمل آزاد ی تھی ۔ جو جماعت تحریک طالبان کے سہارے جیتی ہو تو پھر اس کے بارے میں سمجھنا مشکل نہیں۔ عمران خان نے مولانا سمیع الحق کے مدرسے کو کروڑوں روپے بھی ان کی حمایت حاصل کرنے کیلئے دئیے ، یہ ایک پرانا رشتہ ہے جو بحال ہونے جارہاہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات