ترقیاتی کاموںمیں رکاوٹ پیدا کرنے والوں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کئے جارہے ہیں‘ڈپٹی کمشنر سرگودھا

محکمہ پبلک ہیلتھ کو سکیموں میں رکاوٹوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے کام کی رفتار کو مزید تیز کرتے ہوئے یہ سکیمیں مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت

جمعرات 23 نومبر 2017 12:09

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2017ء)ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ ترقیاتی کاموںمیں رکاوٹ پیدا کرنے والوں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کئے جارہے ہیں ۔ ان ترقیاتی پروگرام سٹی پیکج کے لئے ایک ارب روپے کے فنڈز خرچ کئے جارہے ہیں ۔ وہ سٹی پیکج کے تحت شہر میں سیوریج او رواٹر سپلائی سکیموں پر تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کے سلسلہ میں دورہ کر رہے تھے ۔

اس موقع پرڈپٹی کمشنر نے غنی پارک ‘ جوہر کالونی ‘ اقبال کالونی اور واٹر ورکس سیوریج وڈسپوزل ورکس میں بعض افراد کی طر ف سے رخنہ ڈالنے کی شکایات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے محکمہ پبلک ہیلتھ کو مذکورہ سکیموں میں رکاوٹوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے کام کی رفتار کو مزید تیز کرتے ہوئے یہ سکیمیں مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کردی او رکہاکہ کار سرکار میں مداخلت پر کسی کو بھی جرمانہ کی بجائے ان کے خلاف پرچہ درج کئے جا ئیں تاکہ بعض لوگ اس سکیم کو سبوتاژ کرنے کیلئے رکاوٹیں ڈال رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے ایسے مسائل کی پرواہ نہ کرتے ہوئے کام کی رفتار جاری رکھنے کی ہدایت کی ۔ ڈپٹی کمشنر نے نیو سٹیلائٹ ٹاؤن واٹر سپلائی سکیم کاجائزہ لیا جس پر چار کروڑ 80 لاکھ روپے ‘ ڈسپوزل ورکس جو ہر کالونی جس پر بھی پانچ کروڑ روپے کی لاگت آئے گی ۔ اسی طرح اقبال کالونی ڈسپوزل ورکس پر بھی پانچ کروڑ کے اخراجات ہو رہے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے اس سکیم کو ناجائز تجاوزات سے محفوظ رکھنے کیلئے فوری طور پر چار دیواری کی تعمیر کی ہدایت کر دی ۔ انہوں نے پرانی سبز منڈی سیوریج سکیم جس پر تین کروڑ روپے اور استقلال آباد سیوریج سکیموںکا بھی جائزہ لیا ۔ جس پر پانچ کروڑ روپے کے اخراجات ہو رہے ہیں۔