بلوچستان میں ہندوستان کی دہشت گرد تنظیم’’ را‘‘ نے اپنی سر گرمیاں بڑھادی ہیں‘میاں منظور احمد وٹو

جمعرات 23 نومبر 2017 12:07

بلوچستان میں ہندوستان کی دہشت گرد تنظیم’’ را‘‘ نے اپنی سر گرمیاں ..
حجرہ شاہ مقیم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاںمنظور احمد خاں وٹو نے کہاہے کہ بلوچستان میں ہندوستان کی دہشت گرد تنظیم را نے اپنی سر گرمیاںبڑھادی ہیں، اراضی کے اعتبار سے پاکستان کا سب سے بڑاصوبہ بلوچستان دشمن کی ہٹ لسٹ پرہے ،را نے برطانیہ میں بسوںاور ویگنوں پر آزاد بلوچستان کے پوسٹر لگاکر دم توڑ تی سرگرمیوں کو ایک نئی تحریک دی ہے مگروہ اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے ، گزشتہ روز وہ این این آئی سے گفتگو کر رہے تھے،انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا اہم حصہ ہے جسکی جغرافیائی اہمیت سے بھی دنیا بخوبی واقف ہے وہاں حالیہ دہشت گردی کے واقعات نے ہنگامی صورتحال پیداکردی ہے حکومت وقت ،مسلح افواج اور تمام پاکستانی قوم کو اس صورتحال کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھناہو گا،پولیس سروسز کے آفیسرز خاص طورپر دہشت گردوںکے نشانے پرہیں ،این این آئی کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم کیلئے قومی سلامتی سب سے زیادہ مقدم ہے وطن عزیزکے تمام اداروں کی توجہ قومی سلامتی پر ہونی چاہیے، تمام قومی اداروں کو مکمل تحفظ فراہم کرنا چاہیے بلوچستان کی پولیس کو بطور خاص بم پروف اور بلٹ پروف گاڑیاںفراہم کی جائیں ،بلوچ قبائل کو قومی دھارے میں لانے کیلئے عام معافی کا اعلان کرناچاہیے تاکہ وہ پہاڑوں سے اتر کر قومی سرگرمیوں میں شامل ہوجائیں ۔