فنانس ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے پی ایس ڈی پی کے تحت 2 ارب 26 کروڑ روپے جاری

جمعرات 23 نومبر 2017 12:07

فنانس ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے پی ایس ڈی پی کے تحت 2 ارب 26 کروڑ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2017ء) وزارت منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات نے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام میں فنانس ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے مجموعی طور پر اب تک2 ارب 26کروڑ 78لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کردیئے ہیں، حکومت نے اس ڈویژن کے ترقیاتی کاموں کے لئے 20 ارب 14 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز مختص کئے ہیں۔

(جاری ہے)

پلاننگ کمیشن کی طرف سے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق حکومت نے تھر پارکر میں 100میگاواٹ پاور پلانٹ کے لئے 30کروڑ، فنانس ڈویژن میں ادارہ جاتی اصلاحات کے لئے ایک کروڑ، اسلام آباد میں آڈٹ ہائوس میں تعمیراتی کام کے لئے 15کروڑ، سی ڈی این ایس پراجیکٹ کے لئے 7کروڑ93 لاکھ، گریٹر کراچی سیوریج پلانٹ کے لئے 60 کروڑ، چین پاکستان اقتصادی راہدری منصوبے کے تحت واٹر سپلائی کے لئے 20کروڑ، پتو کی میں فلائی اوور کی تعمیر کے لئے 25 کروڑ، ضلع ننکانہ میں لنک روڈ کی تعمیر کے لئے 13کروڑ 73 لاکھ روپے سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز جاری کئے گئے ہیں۔