میلاد مصطفیٰ کمیٹی سکھر کے زیر اہتمام میلاد النبی کے جھنڈے کی پرچم کشائی

بدھ 22 نومبر 2017 22:34

سکھر۔ 22نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2017ء) میلاد مصطفیٰ کمیٹی سکھر کے زیر اہتمام جشن عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں چوک گھنٹہ گھر پر میلاد النبی کے جھنڈے کی پرچم کشائی کی گئی، جاری کرد ہ اعلامیہ کیمطابق ممتاز عالم دین مفتی محمد ابراہیم قادری، مشرف محمود قادری، مولانا رضوان خان، میلاد مصطفیٰ کمیٹی کے صدر حاجی محمد یاسین سعیدی، جنرل سیکریٹری شکیل احمد صدیقی، جنید اختر خان، اکرم انصاری، مولانا محمد عثمان فیضی حسینی، فاروق اختر، عبدالرشید اجمیری، عمران الحق ، محمد راحیل اجمیری ، افتخار الدین ، وجیہہ الدین شیخ ، افراز الدین اور دیگر نے میلاد النبی کے جھنڈے کی پرچم کشائی کی۔

اس موقع پر منعقدہ مرکزی تقریب پرچم کشائی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مفتی محمد ابراہیم قادری نے کہا کہ محسن انسانیت ، رحمت عالم ؐ کی دنیا میں تشریف آوری سے عدل و انصاف، امن و اخوت اور مسرت و خوشحالی کی بہاریں مہک اٹھیں، اللہ تعالیٰ کی بے شمار نعمتوں میں سے حضور نبی کریم ؐ کی ذات اقدس سب سے زیادہ عظیم نعمت ہے۔

(جاری ہے)

اللہ تعالیٰ کی طرف سے نعمت عظمیٰ ملنے پر اظہار تشکر کر کے خوشیاں منانا غلامان مصطفیٰ کا طرہ امتیاز ہے۔ تقریب پرچم کشائی میں مختلف سیاسی، سماجی و تاجر تنظیموں کے رہنمائوں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ میلاد النبی کی سخوشی میں تقریب کے شرکاء میں مٹھائی اور بسکٹ تقسیم کیے گئے۔