شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں بزنس اور مینجمنٹ ، مستقبل کی طرف سفر کے عنوان پر دو روزہ عالمی کانفرنس کا افتتاح

بدھ 22 نومبر 2017 22:34

سکھر۔ 22نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2017ء)شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کے شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کے زیرِ اہتمام اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے تعاون سے بزنس اور مینجمنٹ : مستقبل کی طرف سفر کے عنوان پر دو روزہ عالمی کانفرنس کا افتتاح پروفیسر ڈاکٹر نور احمد شیخ پرووائیس چانسلر مین کیمپس نے کیا۔ افتتاحی سیشن کے مہمانِ خصوصی میجر جنرل (ریٹائرڈ) آغا عمر فاروق تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر نور احمد شیخ نے کہا کہ مغربی دنیا میں بزنس اور مینجمنٹ ایجوکیشن کے نئے رجحانات متعارف کروائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے نقشے پر وہی ملک زیادہ ترقی یافتہ ہوگا جو بزنس میں آگے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی بزنس کیلئے ضروری ہے کہ ماحولیات، توانائی ، تعلیم اور صحت کے نظام کو بہتر بنایا جائے۔

(جاری ہے)

میجرجنرل (ریٹائرڈ) آغا عمر فاروق نے کہا کہ ملکی ترقی میں کاروبار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ ایک بہتر منیجر ہی اپنے کاروبار کا صحیح خطوط پر استوار کرکے ترقی کی جانب گامزن کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس انسٹیٹیوٹ بہتر منیجر پیدا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعتیں اپنے کاروبار میں نئے رجحانات متعارف کروائیں۔ نوجوان نسل مستقبل کا سرمایہ ہیں ۔

شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کے طلبہ و طالبات کا نظم و ضبط مثالی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ادارہ مستقبل میں بہترین بزنس مین پیدا کرے گا۔ پروفیسر ڈاکٹر نور شاہ بخاری ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز نے اپنے خطاب میں تمام محققین کو خوش آمدید کہا ۔ انہوںنے کہا کہ مجھے امید ہے کہ یہ کانفرنس کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔ اس موقع پر ملائیشیا کے ڈاکٹر امر بن ایم ڈی راسلی نے مستقبل میں بزنس کے نئے علوم کی ضرورت پت کلیدی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں انفارمیشن ٹیکنالاجی کے جدید دور میں بزنس کی تعلیم انتہائی ضروری ہے۔

برطانیہ کے ڈاکٹر محمود حسین شاہ نے کاروبار کے خلاف سائیر کرائم کے اسباب اور سدباب کے عنوان پر کلیدی خطاب میں کہا کہ آن لائن کاروبار کو سائیبر کرائم کے خطرات لاحق ہیں ۔ وقت کی ضرورت ہے کہ سائیبر سیکیورٹی کو بہتر بنا کر کاروبار کو بچایا جائے۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر ارم رانی سربراہ شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن نے کانفرنس کے اغراض و مقاصد سے آگاہی دی۔

انہوں نے کہا کہ یہ شعبے کی جانب سے پہلی کانفرنس ہے۔ اس موقع پر پروفیسر شاہ محمد لہرانی اور پروفیسر ڈاکٹر امانت علی جلبانینے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ افتتاحی سیشن میں پروفیسر ڈاکٹر مینہوں خان لغاری، پروفیسر ڈاکٹر امیرعلی چانڈیو، پروفیسر ڈاکٹراختیار علی گھمرو، پروفیسر ڈاکٹرچندن لعل، ڈاکٹر صالح میمن، ڈاکٹر رحمن گل گلال، ڈاکٹر عرفان میرانی، ڈاکٹر سید منیر حمد اشاہ، ڈاکٹر مسیح اللہ جتوئی، ڈاکٹر سمیہ شاہ، برکت اللہ قریشی ، الطاف حسین بھٹو و دیگر نے شرکت کی۔ یاد رہے کہ اس کانفرنس میں برطانیہ، چین، ملائیشیا، سعودی عرب، ترکی، فرانس اور پاکستان بھر سے محققین شرکت کررہے ہیں ۔