پشاور،سپیکر اسمبلی اسد قیصر نے پشاور ہائی کورٹ کی وساطت سے مرکزی حکومت سے صوبہ خیبر پختونخوا کے سی پیک میں شامل کئے گئے منصوبوں کے افتتاح اور اختتام سے متعلق ٹائم فریم دینے کا مطالبہ کر دیا

بدھ 22 نومبر 2017 22:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 نومبر2017ء) سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے پشاور ہائی کورٹ کی وساطت سے مرکزی حکومت سے صوبہ خیبر پختونخوا کے سی پیک میں شامل کئے گئے منصوبوں کے افتتاح اور اختتام سے متعلق ٹائم فریم دینے کا مطالبہ کر دیا ۔سپیکر اسد قیصر نے اپنے وکیل قاضی انور کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ کے استفسار پر مرکزی حکومت نے صوبہ خیبر پختونخوا سے متعلق مغربی روٹ میں جن پراجیکٹس کو شامل کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

مذکورہ بینچ سے استدعا کی جائے کہ وہ مرکزی حکومت سے ان شامل کئے گئے پراجیکٹس سے متعلق معلومات حاصل کرے کہ مذکورہ پراجیکٹس کا کب تک افتتاح کیا جائے گا اور ان کی تکمیل کتنے عرصہ میں ہوگی ۔سپیکر نے اس موقع پر کہا کہ مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا جائے کہ وہ رشکئی انڈسٹریل ذو ن کے قیام کیلئے تر جیحی بنیادوں پر عملدرآمد کرے جس سے ملحقہ علاقوں کے لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر ہو سکیںگے اور بے روزگاری میں کمی واقع ہوگی ۔

(جاری ہے)

سپیکر نے واضح کیا کہ مغربی روٹ کی تعمیر کے ضمن میں خیبر پختونخوا اسمبلی قراردادیں بھی پاس کرکے مرکزی حکومت کو بجھواچکی ہے۔سپیکر نے اس امر کا اعادہ کیا کہ سی پیک کے حوالے سے خیبر پختونخواکے عوام کے حقوق کا دفاع کیاجائے گا اور ان کا حصول ممکن بنانے کیلئے تمام تراقدامات کئے جائیںگے ۔یہاں پرامر قابل ذکرہے کہ سپیکر اسدقیصر کی جانب سے سی پیک کے حوالے سے خیبر پختونخوا میں مغربی روٹ کی تعمیر کیلئے پشاورہائی کورٹ میں رٹ داخل کی گئی تھی ۔

پشاور ہائی کورٹ کے استفسار پر مرکزی حکومت نے خیبر پختونخوا کی جانب سے ڈیمانڈ کئے گئے کچھ پراجیکٹس سی پیک میں شامل کئے تھے لیکن کافی مدت گزر نے کے باوجودان پراجیکٹس پر کسی قسم کی عملی کارروائی نہیں شروع کی گئی ہے جس کے باعث خیبر پختونخوا کے عوام میں تشویش پائی جاتی ہے ۔مرکزی حکومت کی جانب سے سی پیک میں شامل کئے گئے پراجیکٹس میں پشاور تا لاچی تاڈی آئی خان ڈبل کیرج روڈکی تعمیر ،گلگت تاشندور تا چترال تاچکدرہ روڈ کی تعمیر، پشاور تانوشہرہ تا صوابی تا مردان سرکلر یلوے لائن کی تعمیر ،روالپنڈی سے پشاور تک ڈبل کیرج ریلوے لائن کی تعمیر ،خنجراب تابشام تابٹ خیلہ تاچکدرہ تا پشاور روڈ کی تعمیر اور رشکئی انڈسٹریل ذون کا قیام وغیرہ شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :