میاں محمودالرشید نے شہباز شریف کوخیبر پختونحوا کی طرح پنجاب میںہیلتھ کارڈز کے اجراء کا مشورہ د ے دیا

شہباز شریف صوبے میں ہیلتھ ریفارمز لانے میں بری طرح ناکام ہو گئے،نہ صوبے میں نئے ہسپتال بنائے گئے نہ ہی انکی اپ گریڈیشن کی گئی، میاں محمود الرشید تحریک انصاف کرپٹ مافیا کا پیچھے نہیں چھوڑے گی، نواز شریف کو صرف یہی خوف ہے کہ اب لوٹی دولت واپس کرنا ہوگی، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 22 نومبر 2017 22:17

میاں محمودالرشید نے شہباز شریف کوخیبر پختونحوا کی طرح پنجاب میںہیلتھ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 نومبر2017ء) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے شہباز شریف کوخیبر پختونحوا کی طرح پنجاب میںہیلتھ کارڈز کے اجراء کا مشورہ دیتے ہوئے معاونت کی پیشکش بھی کردی،اپوزیشن لیڈر نے سڑکوں اور رکشوں پر بچوں کی پیدائش کے واقعات کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف صوبے میں ہیلتھ ریفارمز لانے میں بری طرح ناکام ہو گئے، اسکی وجہ بیان کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ پنجاب کی آبادی میں تیزی سے اضافہ ہوا لیکن اس اعتبار سے اسکے صحت بجٹ میں مناسب اضافہ کیا گیا نہ صوبے میں نئے ہسپتال بنائے گئے اور جو ہسپتال پہلے سے کام کر رہے ہیں انکی اپ گریڈیشن ہوئی نہ اسکی مشتری کو تبدیل کیا گیا۔

انہوں نے وزیراعلیٰ شہباز شریف کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں خیبر پختونحوا کی طرح ہر خاندان کو ہیلتھ کارڈ ز کا اجرا کریں ، پنجاب کے عوام کی بہتری کیلئے کے پی کے حکومت سے معاونت کی درخواست کرنے کو بھی تیار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے شہباز شریف کو صحت کے معاملات پر جھوٹ اور بلند و بالا دعوے ترک کرنیکا بھی مشورہ دیا۔احاطہ اسمبلی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے میاں محمودالرشید نے نا اہل وزیراعظم کے بیان پر ردعمل دینے کو وقت کا ضیاع قراردیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کرپٹ مافیا کا پیچھے نہیں چھوڑے گی، نواز شریف کو صرف یہی خوف ہے کہ اب لوٹی دولت واپس کرنا ہوگی۔

انکا کہنا تھا کہ نواز شریف کو قومی اسمبلی میں بل لانے پرپیپلز پارٹی پر اس لئے افسوس ہوا کیونکہ حکومت نے انکی کرپشن کا دفاع کیا لیکن تحریک انصاف قومی وسائل پر ڈاکہ ڈالنے والے ان تمام بدعنوان عناصر سے گرفتاریوں، سزائوں اور وصولیوں کیلئے بھی عدالتوں میں جائیں گے۔