گورنرپنجاب سے ملتان وکلاء برادری کے 12رُکنی وفد کی ملاقات، وفد نے مسائل سے آگاہ کیا

پاکستان کا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے، حکومت جنوبی پنجاب کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، رفیق رجوانہ وکلاء برادری ملک کی تعلیم یافتہ کمیونٹی ہے جو معاشرے میں شعور اجاگر کرنے کے لئے بھر پور کردار ادا کررہی ہے، گورنر پنجاب کی وکلا وفد ے گفتگو، ملتان جوڈیشل کمپلیکس میں درپیش مسائل کے حل کی یقین دہانی کرا دی

بدھ 22 نومبر 2017 22:17

گورنرپنجاب سے ملتان وکلاء برادری کے 12رُکنی وفد کی ملاقات، وفد نے مسائل ..
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 نومبر2017ء) گورنرپنجاب ملک رفیق رجوانہ سے گذشتہ روز گورنر ہائوس لاہور میں ملتان سے وکلاء برادری کے 12رُکنی وفد نے ایڈووکیٹ محمد علی گیلانی کی قیادت میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں وفد نے گورنر پنجاب کو انہیں درپیش مختلف مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ وکلاء برادری نے ہمیشہ اصولوں اور جمہوریت کے تحفظ کے لئے انتہائی مثبت کردار ادا کیا ہے اور ملک کی بقاء اورجمہوری اداروں کی مضبوطی اور استحکام میں مدد گار رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے اور موجودہ حکومت ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی بالخصوص جنوبی پنجاب اور اس سے ملحقہ دور دراز علاقوں میں جاری ترقیاتی کاموں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ وہاں کے عوام کو درپیش بنیادی مسائل کا جلدسے جلد ادراک ہوسکے۔

(جاری ہے)

گورنر نے کہا کہ وکلاء برادری ملک کی تعلیم یافتہ کمیونٹی ہے جو معاشرے میں شعور اجاگر کرنے کے لئے بھر پور کردار ادا کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو انصاف کی فراہمی اگرچہ حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن وکلاء کے کردار کے بغیر ممکن نہیں۔اس موقع پر وکلاء نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ ملتان جوڈیشل کمپلیکس میں پارکنگ ، پانی، سیوریج اور سوئی گیس کی فراہمی سمیت کمپلیکس میں کمروں کی توسیع اور دیگرمسائل کا سامنا ہے ۔ گورنر پنجاب نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے اس بارے میں بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جو کہ بیرون ملک دورے پر ہیں ان کی واپسی پر انہیں بھی جوڈیشل کمپلیکس کے مسائل کے بارے میں آگاہ کروں گا تاکہ ان کاموں کو جلد از جلد حل کیا جا سکے اور وہاں پر آنے والے سائلین کی پریشانی کا بھی ازالہ ہو سکے۔