ضلع ڈیرہ غازیخان کی 98دیہی یونین کونسلوں کی ون ٹائم صفائی مہم کا آغاز کر دیا گیا

بدھ 22 نومبر 2017 22:08

ڈی جی خان ۔22نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2017ء)حکومت پنجاب کے صاف دیہات پروگرام کے تحت ضلع ڈیرہ غازیخان کی 98دیہی یونین کونسلوں کی ون ٹائم صفائی مہم کا آغاز کر دیا گیاہے ․ ہر یونین کونسل کو ایک لاکھ روپے اضافی دیئے جائیں گے ․ ورک آرڈر جاری کر کے صفائی مہم کا آغاز کر دیاگیا ہے ․ ڈپٹی کمشنر محمد ابراہیم جنید نے کہاکہ ضلع کی تمام دیہی یونین کونسلوں میں جامع صفائی کی جائے گی․ گندگی کے ڈھیر ، گوبر سمیت ہر قسم کا کچرا اٹھا کر آبادی سے دور تلف کیا جائے گا ․ چیئرمین ، وائس چیئرمین اور محکمہ لوکل گورنمنٹ کی زیر نگرانی کام کیا جارہاہے ․ اے ڈی ایل جی ملک محمد رمضان نے بتایاکہ ضلع کی نو پہاڑی یونین کونسلوں کے علاوہ دیہی یونین کونسلوں میں صفائی شروع کر دی گئی ہے ․ انہوںنے بتایاکہ جلو والی ، لاکھانی ، ریتڑہ ، مورجھنگی ، سخی سرور ، جھکڑ امام شاہ ، فوجہ ، خان پو ر، گدائی غربی سمیت 79یونین کونسلوں میں صفائی کیلئے ٹیمیں کام کر رہی ہیں ․ حکومت پنجاب کی طرف سے صفائی کیلئے دسمبر کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی لیکن ضلع میں ایک ماہ قبل کام مکمل کر لیا جائے گا․ اے ڈی ایل جی نے بتایاکہ حکومت ہر یونین کونسل کو ہر ماہ تین لاکھ روپے گرانٹ دیتی ہے ملازمین کی تنخواہ اور ضروری اخراجات کے علاوہ بقیہ فنڈز یونین کونسل کی ون ٹائم صفائی کیلئے خرچ کیے جائیں گے۔