خانیوال میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت کومبنگ آپریشنز کا سلسلہ جاری

بدھ 22 نومبر 2017 22:06

خانیوال ۔22نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2017ء)نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جارہا ہے کیونکہ امن وامان کے قیام اور جرائم پیشہ عناصر کے خاتمہ میں خاطر خواہ کامیابی ملی ہے ۔نیشنل ایکشن پلان پر ضلع بھر میں مرحلہ وار سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے ۔اس ضمن میں ڈی پی او آفس سے جاری ایک پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ ملک بھر کی طرح خانیوال میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت کومبنگ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے جس سے نہ صر ف جرائم کی شرح میں کمی آئی ہے بلکہ قیام امن کو یقینی بنایا گیا ہے اور شہریوں کے جان ومال کو تحفظ ملا ہے ۔

کومبنگ آپریشن کاسلسلہ ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں ملک بھر کی طرح ضلع خانیوال میں جاری وساری ہے اس کی کامیابی کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے کومبنگ آپریشنز کے دوران ناجائز اسلحہ اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپو رکاروائی عمل میں لائی گئی ہے جس سے اب تک ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کیخلاف2531مقدمات کا اندراج کرتے ہوئی158کلاشنکوف‘155رائفل‘1654پسٹل‘149ریوالور‘467بندوق‘61کاربین اور30021گولیاں او کارتوس برآمد کیے گئے ہیں جبکہ سائونڈ ایکٹ سسٹم کی خلاف ورزی پر 1113مقدمات کا اندراج کیا گیا اسی طرح کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر 513مقدمات کا اندراج کرکے 576افراد کو گرفتار کیا گیا اور نفرت انگیز تقاریر پر 9مقدمات کا اندراج کرتے ہوئے 40ملزمان کو گرفتار کرکے جوڈیشل بھجوایا گیا اسی طرح قابل اعتراض وال چاکنگ پر 230مقدمات کا اندراج کرکے ملوث 231ملزمان کو گرفتار کیا گیا ۔

(جاری ہے)

کومبنگ آپریشنز کے علاوہ دیگر جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بھی سخت کریک ڈائون جاری ہے ایسے عناصر کو کیفرکردار تک پہنچایا جائیگا کیونکہ شہریوں کے جان ومال کا تحفظ ہی اولین ترجیح ہے اور ضلع خانیوال کو ہرصورت امن کا گہوارہ بنایا جائیگا ۔