صوبائی وزیر داخلہ کی علمائے کرام سے ملاقات

ربیع الاول کے حوالے سے سیکیورٹی اقدامات کو غیرمعمولی بنایا جائے،وزیرداخلہ سندھ

بدھ 22 نومبر 2017 22:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 نومبر2017ء) وزیرداخلہ سندھ سہیل انور خان سیال کی صدارت میں ربیع الاول کے موقع پر بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ جیسے اقدامات پر منعقدہ ایک اجلاس میں بائیس ممبران پر مشتمل علماء کے وفد سے ملاقات کے دوران پولیس کو ہدایات دیں کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کے ضمن میں تفویض کردہ فرائض کو انتہائی لگن محنت اور دیانت سے انجام دیا جائے اور اس حوالے سے رینج، ڈسٹرکٹس اور زونز کی سطح پر تمام مسالک سے تعلق رکھنے والی مذہبی شخصیات رہنماؤں اور قائدین سے مسلسل روابط کو یقینی بنایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کے تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے ایسی حکمت عمل اور لائحہ عمل تیار کیا جائے کہ جسکے تحت چپ تعزیئے , بارہ ربیع الاول کے جلوسوں, محافل میلاد وعظ ودیگر اجتماعات کے دوران قیام امن کے حالات کو مذید مستحکم اور مؤثر بنایا جاسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماہ ربیع الاول کے دوران بین المسالک ہم آہنگی فروغ جیسے اقدامات کو مؤثر اور مربوط بنانے کے ضمن میں علاقوں کی سطح پر تمام مذہبی رہنماؤں/شخصیات/علماء کے انفرادی اور اجتماعی کردار کے حوالے سے اپنی تمام تر پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو استعمال میں لایا جائے ۔

وزیرداخلہ سندھ نے ہدایات دیں کہ 12ربیع الاول کی مناسبت سے ترتیب کردہ ٹریفک پلان پر عمل درآمد کو ہرسطح پر یقینی بنایا جائے اور اس حوالے سے ٹریفک پولیس خصوصی اقدامات کی بدولت ٹریفک کی روانی کو جاری رکھنے کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لائے ۔اجلاس میں سیکریٹری داخلہ سندھ,ایڈیشنل آئی جیز کراچی,اسپیشل برانچ, سی ٹی ڈی, زونل ڈی آئی جیز کراچی سندھ کی دیگر پولیس رینج کے ڈی آئی جیز کے علاوہ ڈویژنل کمشنرز سندھ,رینجرزسندھ کے نمائندے بھی موجود تھے ۔#

متعلقہ عنوان :