سندھ اسمبلی میں 5 قراردادیں اتفاق رائے سے منظور کر لی گئیں

بدھ 22 نومبر 2017 22:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 نومبر2017ء) سندھ اسمبلی کے اجلاس میں 5 قراردادیں پیش کی گئیں، جو اتفاق رائے سے منظور کر لی گئیں۔قراردادوں کے مطابق سندھ اسمبلی نے مطالبہ کیا ہے کہ نجی اداروں میں خواتین کارکنوں کو زچگی کے لیے کم از کم 120 دن کی رخصت دی جائے۔ صوبے میں صنعتوں کے قیام کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ تمام ریلوے کراسنگز پر پھاٹک لگائے جائیں۔

سکھر میں گیس اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کی جائے اور صوبے کے شہروں کے ارد گرد تجارتی زون قائم کرکے تمام بڑی مارکیٹیں وہاں منتقل کی جائیں۔ ان قرار دادوں کی منظوری کے بعد اسپیکر نے اجلاس بدھ کی صبح 10 بجے تک ملتوی کر دیا۔ وقفہ سوالات کے دوران بتایا گیا کہ سندھ میں کٴْل 1409 کچی آبادیاں ہیں جن میں سے 1013 کچی آبادیوں کو سندھ کچی آبادیز اتھارٹی نے نوٹیفائی کیا ہے۔

(جاری ہے)

ان میں سے صرف 341 کچی آبادیوں کا جامع سروے کیا گیا ہے۔ادھر مشیر وزیر اعلیٰ برائے کچی آبادی مرتضی بلوچ نے بتایا کہ اب تک 341 کچی آبادیوں کو ریگولرائز کیا جا چکا ہے ، جن میں 40772 ہاؤسنگ یونٹس ہیں اور اس سے 285404 افراد کو فائدہ حاصل ہوا۔ کراچی میں سب سے زیادہ 564 کچی آبادیاں ہیں۔ دوسرے نمبر پر حیدر آباد میں 417 ، میرپورخاص میں 81 ، شہید بے نظیر آباد میں 114 ، سکھر میں 91 اور لاڑکانہ میں 112 کچی آبادیاں ہیں

متعلقہ عنوان :