کراچی کو ماڈل شہر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں،گرین لائن پروجیکٹ آئندہ برس مئی میں شروع ہو گا،گورنر سندھ

ْ منصوبے کے لئے بسیں لانے میں تاخیر سندھ حکومت کی وجہ سے ہے،، ایکسپریس وے اور پانی کے منصوبوں میں سندھ حکومت کے ساتھ کام کر رہے ہیں جب کہ کراچی سرکلر ریلوے سے متعلق تحفظات دور کیے جائیں گے، محمد زبیر کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 22 نومبر 2017 21:58

کراچی کو ماڈل شہر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں،گرین لائن پروجیکٹ آئندہ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 نومبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہاہے کہ کراچی کو ماڈل شہر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں اور گرین لائن پروجیکٹ آئندہ برس اپریل یا مئی میں شروع کردیں گے۔گورنر سندھ نے گرین لائن پروجیکٹ کے جاری ترقیاتی کام کا جائزہ لیا جس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گرین لائن بس منصوبے سے پبلک ٹرانسپورٹ کا اچھا نظام شروع ہوگا تاہم اس منصوبے کے لئے بسیں لانے میں تاخیر سندھ حکومت کی وجہ سے ہے۔

گورنر محمد زبیر نے کہا کہ گرین لائن منصوبہ آئندہ سال اپریل یا مئی میں شروع کردیا جائے گا جو کہ شہر کو ماڈل سٹی بنانے کے لئے ایک قدم ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ حکومت کے ساتھ مختلف پروجیکٹ میں شامل ہے، ایکسپریس وے اور پانی کے منصوبوں میں سندھ حکومت کے ساتھ کام کر رہے ہیں جب کہ کراچی سرکلر ریلوے سے متعلق تحفظات دور کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

کراچی پیکج سے متعلق گورنر سندھ نے کہا کہ اس حوالے سے گزشتہ روز میئر کراچی سے ملاقات ہوئی، کراچی پیکجز کے لئے بنیادی کام مکمل ہوچکا ہے، میئر کراچی کا کردار اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں 4 سال میں معجزاتی تبدیلی آئی اور بڑے جرائم شہر سے ختم ہوگئے ہیں، 2013 میں کراچی خطرناک ترین شہر تھا اور سرمایہ کار آنے کو تیار نہیں تھے تاہم آج کراچی میں سرمایہ کار جب آتے ہیں تو ہوٹلوں میں جگہ نہیں ملتی۔گورنر سندھ نے کہا کہ شنگھائی پاور جلد 'کے الیکٹرک' کے انتظامات سنبھال لے گی، بجلی کے مسائل حل ہونے سے کراچی ایک الگ شہر بن کر سامنے آئے گا۔#