ہائیکورٹ بار نے عدلیہ کی کردار کشی اور ملکی صورتحال پر 9 دسمبر کو آل پارٹیز کانفرنس طلب کرلی

وکلا ء کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ،عدلیہ کی بے توقیری اور اداروں کیخلاف مہم جوئی کو برداشت نہیں کر سکتے‘ پریس کانفرنس

بدھ 22 نومبر 2017 21:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2017ء)لاہور ہائیکورٹ بار ایسوی ایشن نے عدلیہ کی کردار کشی اور ملکی صورتحال پر 9 دسمبر کو آل پارٹیز کانفرنس طلب کرنے کا اعلا ن کرتے ہوئے کہا کہ نااہل شخص کو پارٹی سربراہ بنانے کے لئے پارلیمنٹ سے بل کی منظوری افسوسناک ہے ۔لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر ذوالفقار چوہدری نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وکلا ء کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں مگر عدلیہ کی بے توقیری اور اداروں کے خلاف مہم جوئی کو برداشت نہیں کر سکتے۔

(جاری ہے)

موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر 9 دسمبر کو آل پارٹیز کانفرنس بلا لی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی آئین میں تمام اداروں کی حدود متعین ہیں، نظام کو ڈی ریل ہوتا ہوا نہیں دیکھنا چاہتے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ایبٹ آباد میں توہین آمیز تقریر کی جس کی مذمت کرتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن)سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطے میں ہیں بلاتفریق تمام سیاسی جماعتوں کو آل پارٹیز کانفرنس میں مدعو کیا جائے گا۔نائب صدر راشد لودھی نے کہا کہ نااہل وزیراعظم دنیا بھر میں اداروں کی کردار کشی کر کے جمہوریت کو نقصان پہنچا رہے ہیں، ان کا نظریہ کرپشن اور اس کا تحفظ ہے۔