سمندر پار مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے او پی سی اورڈبلیو سی او پی برطانیہ کے درمیان معاہدہ

کمشنر او پی سی، افضال بھٹی اور چیئرمین ڈبلیو سی او پی سید قمر رضا نے اپنے اداروں کی نمائندگی کرتے ہوئے دستاویز پر دستخط کئے

بدھ 22 نومبر 2017 21:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2017ء) سمندر پار مقیم پاکستانیوں کے مسائل کی نشاندہی اور حل کے حوالے سے اوورسیز پاکستانیز کمیشن (او پی سی) پنجاب اور ورلڈ کا نگریس آف اوورسیز پاکستانیز (ڈبلیو سی او پی)برطانیہ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔کمشنر او پی سی افضال بھٹی اور چیئرمین ڈبلیو سی او پی سید قمر رضا نے لندن میں منعقدہ تقریب میں اپنے اداروں کی نمائندگی کرتے ہوئے دستاویز پر دستخط کئے۔

افضال بھٹی نے اس موقع پر بتایا کہ اس ایم او یو کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے دونوں اداروں کے درمیان تعاون کا فروغ ہے، اوورسیز پاکستانیوں کا ملکی تعمیر و ترقی میں کردار خصوصی اہمیت کا حامل ہے اور دونوں ادارے ان کے مسائل کے حل کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اپنا ئیں گے۔

(جاری ہے)

افضال بھٹی نے کہا کہ ایم او یو کے تحت او پی سی، اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے اندراج وحل ، عدالتوں میں ان کے زیر سماعت مقدمات کے جلد فیصلے کے حوالے سے لائحہ عمل اور اس ضمن میں ان کو اپ ٹوڈیٹ معلومات کی فراہمی کیلئے کام کرے گا جبکہ ڈبلیو سی او پی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو او پی سی کے طریقہ کار، کارکردگی اور پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے معلومات کی فراہمی یقینی بنائے گا۔

مزید براں اوورسیز پاکستانیوں کی آگاہی کیلئے سمینارز اور ورکشاپس کے اہتمام کے علاوہ سوشل میڈیا کے ذریعے ان سے قریبی رابطہ استوار کیا جائے گا۔افضال بھٹی نے کہا کہ او پی سی کے تحت ابتک وصول ہونے والی شکایات میں سے 50 فیصد حل کی جاچکی ہیں۔

متعلقہ عنوان :