دہشتگردی کے خاتمے کی جنگ میں قوم اور فوج کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی: ڈاکٹر طاہر القادری

پاک فوج کے جرات مند شہید میجر اسحاق کی شہادت پر فخر ہے ،دہشتگردی کا خاتمہ ہو کر رہے گا ‘ سربراہ عوامی تحریک

بدھ 22 نومبر 2017 21:37

دہشتگردی کے خاتمے کی جنگ میں قوم اور فوج کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی: ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ ملکی تحفظ کیلئے دی گئی پاک فوج کے جرات مند ،محب وطن افسر میجر اسحاق کی شہادت پر فخر ہے یہ قربانی رائیگاں نہیں جائیگی، پاک فوج کے ہر شہید جوان اور افسر نے عزم ،ملک سے محبت اور وفا کی نئی داستانیں رقم کیں ،ہمیں اپنے شہیدوں پر فخر ہے ،دہشتگرد اور انکے ہمدرد دنیا اور آخرت میں رسوا کن انجام سے دوچار ہونگے،دہشتگردی کی جنگ میں عوام اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،شہید افسر کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

گزشتہ روز انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ایک طرف ملک کیلئے جانیں قربان کرنے والے ہیں دوسری طرف ملک کو لوٹنے والے معاشی دہشتگرد اقتدار پر مسلط ہیں ۔

(جاری ہے)

جن اسمبلیوں میں دہشتگردی کے خاتمے کی جنگ پر ملک اور عوام کے تحفظ پر دن رات بحث ہونی چاہیے تھی وہ اسمبلیاں ایک معاشی دہشتگرد اور نا اہل کیلئے قانون بنانے میں مصروف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کی جنگ تنہا فوج نے لڑی، موجودہ کرپٹ حکمرانوں نے اس جنگ کو ناکام بنانے کیلئے قومی ایکشن پلان کو ناکام بنایا،ایپکس کمیٹیوں کو غیر موثر کیا اور فوجی عدالتوں کے کام میں روڑے اٹکائے ،معاشی دہشتگرد وزیر خزانہ جو آج کرپشن کیسز کا سامنا کرنے کی بجائے بیماری کا بہانہ کر کے مفروری کی زندگی گزار رہے ہیں اسی وزیر خزانہ نے متفقہ نا اہل وزیر اعظم کے ایما پر دو سال تک نیکٹا کو فنڈز نہیں دئیے اور دہشتگردی کے خاتمے کی قومی جنگ کو نقصان پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ شریف حکومت کا دہشتگردی کے خاتمے کی جنگ میں حقیقی چہرہ دیکھنے کیلئے قوم جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کمشن کی رپورٹ کا مطالعہ کرے۔انہوں نے کہا کہ فوج نے اپنے حصے کا کام کیا مگر سویلین حکومت نے اپنی ذمہ داری پوری کرنے کی بجائے ساری توجہ لوٹ مار پر مرکوز رکھی اور سیاسی مقاصد کیلئے دہشتگردوں کی مالی ،اخلاقی اور نظریاتی مدد کی۔حکومت اپنے حصے کا کام کرتی تو جانی و مالی نقصان کو بڑی حد تک روکا جا سکتا تھا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوج کے افسران اور جوانوں کی بے مثال قربانیوں کے باعث دہشتگردی کے واقعات میں کمی آئی۔

متعلقہ عنوان :