سجاول ضلع میں محکمہ ہائی ویز میں نئی اسکیموں کی این آئی ٹی کھلنے کی تاریخ پر ٹھیکیداروں میں پھڈا پڑگیا

سجاول میں بیس نومبراور اکیس نومبرکو ٹینڈر کھلنے کی تاریخ پر درجنوں ٹھیکیدار جمع ہوگئے تھے تاہم غیرمقامی ٹھیکیداروں پر اعتراضات اٹھائے گئے

بدھ 22 نومبر 2017 21:34

سجاول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2017ء) سجاول ضلع میں محکمہ ہائی ویز میں نئی اسکیموں کی این آئی ٹی کھلنے کی تاریخ پر ٹھیکیداروں میں پھڈا پڑگیا۔

(جاری ہے)

سجاول میں بیس نومبراور اکیس نومبرکو ٹینڈر کھلنے کی تاریخ پر درجنوں ٹھیکیدار جمع ہوگئے تھے تاہم غیرمقامی ٹھیکیداروں پر اعتراضات اٹھائے گئے ، مذکورہ دونوں این آئی ٹیز کی کروڑوں روپے کی روڈ تعمیرکی باسٹھ اسکیموں کے لئے مقامی اور غیرمقامی ٹھیکیدار جمع ہوگئے جن کے لئے کرسیاں لگائی گئیں اور دودیگیں بریانی منگوائی گئی ،رابطہ کرنے پر ایگزیکیٹوانجینئر عبدالسلام میمن نے بتایاکہ ابھی تک فیصلہ نہیں کیاجاسکاہے تاہم ذرائع کا کاکہناہے کہ بااثرسیاسی افراد کی ایماء پر من پسند ٹھیکیداروں کو ٹھیکے جاری کئے جارہے ہیں ،سفارش اور رشوت پر ایسے ٹھیکیداروں کو بھی شامل کیاگیاہے جنہوں نے کاغذات تک جمع نہیں کرائے ، جبکہ ڈفالٹراور نااھل افراد کو بھی سیاسی بنیاد پر ٹھیکے جاری کئے گئے ہیں ایسے سفارشی افراد نے دوسرے اضلاع سے آنے والے ٹھیکیداروں کو بھگادیا،مبینہ طورپر کروڑوں روپے کے ٹھیکوں کی بندربانٹ پہلے سے طے کردی گئی ہے اور سیاسی افراد کو کوٹہ جاری کیاگیاہے اور یہ کام من پسند ٹھیکیداروں کو رشوت پر جاری کروایاجارہاہے ، اس ضمن میں ٹھیکیداروں کو ایڈوانس ادائیگی بھی کرائی جاتی ہے ،اس سے قبل بھی سجاول ضلع میں روڈ کے تعمیراتی کاموں کی بندربانٹ کردی گئی تھی تاہم روڈ تعمیرنہ ہوسکے اور متعدد جگہوں پر کام کے اضافی پیسے بھی منظورکرائے گئے ہیں ، اس طرح کئی کام تاحال مکمل نہ ہوسکے ،اور کروڑوں روپے غائب ہوگئے ، مقامی عوام نے وفاقی اور صوبائی محتسب اداروں سے اپیل کی ہے کہ اس نوٹس لیکرتمام کام مکمل کرائے جائیں اور سیاسی رشوت اور سفارش پر جاری ہونے والے تمام ٹھیکے کینسل کئے جائیں۔