Live Updates

عام انتخابات سے قبل پیپلز پارٹی کے خلاف وائٹ پیپر جاری کیا جائے گا،

لیاقت جتوئی سندھ کے عوام میں پیپلز پارٹی کے لیے نفرت ہے اور عام انتخابات میں کئی بت گریں گے، زرداری لیگ سے ہم نے 10 سالوں تک مزاحمت کی،رہنما تحریک انصاف

بدھ 22 نومبر 2017 21:15

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر لیاقت جتوئی نے کہا ہے کہ عام انتخابات سے قبل پیپلز پارٹی کے خلاف وائٹ پیپر جاری کیا جائے گا، سندھ کے عوام میں پیپلز پارٹی کے لیے نفرت ہے اور عام انتخابات میں کئی بت گریں گے، زرداری لیگ سے ہم نے 10 سالوں تک مزاحمت کی مجھ سمیت میرے ساتھیوں کو تکالیف کا سامنا کرنا پڑے اس قدر ہمیں کہا گیا کہ آپ ہمارے خلاف باتیں نہ کریں کیونکہ مستقبل میں ہمیں ساتھ چلنا ہے۔

لاڑکانہ کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیاقت جتوئی نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے گذشتہ 10 سالوں میں سندھ میں اور 5 پانچ وفاق میں حکومت کی لیکن ان کی کارکردگی یہ رہی کہ کھربوں ڈالر ملک سے باہر منتقل کرکے منی لانڈرنگ کی، نواز شریف اپنے انجام تک پہنچ چکے جسے ملکی اعلیٰ عدلیہ نے نااہل کیا اب نواز شریف ملکی اداروں کے خلاف بات کررہے ہیں، نواز شریف جمہوریت کے لیے خطرہ بنتے جا رہے ہیں جو آمریت کے راہ پر گامزن ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ میں 90 ارب روپے جبکہ سندھ کے دیگر اضلاع میں 50، 50 ارب روپیوں کے فنڈز میں کرپشن کی گئی، صوبے کے اسپتالوں میں ادویات موجود نہیں، اسکول بند پڑے ہیں اور معصوم بچے بھوک سے بلک بلک کر مر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں آصف زرداری کی 17 شگر ملیں ہیں جو نہیں چاہتے کہ آبادگاروں کو گنے کی قیمت زیادہ ہے جس کے باعث اس وقت تک گنے کی فصل سوکھ رہی ہے اس معاملے پر میں سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ سندھ کے چیف جسٹس سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ازخود نوٹس لیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شرجیل میمن نے 6 ارب روپیوں کی کرپشن کی جبکہ ڈاکٹر عاصم 460 ارب روپیوں کی کرپشن میں ملوث ہیں، اسمبلی میں آنے پر شرجیل پر پھول نچھاور کیے جاتے ہیں جس پر انہیں کوئی پوچھنے والا تک نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں پی ٹی آئی میں اہم شخصیات کی شمولیت ممکن ہے اور عام انتخابات میں عمران خان کو وزیراعظم بنانے سمیت وفاق اور سندھ میں پی ٹی آئی حکومت بنائے گی۔

اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما سردار امیر بخش خان بھٹو نے کہا کہ ہم اپنے نظریے کے تحت پی ٹی آئی میں شامل ہوئے ہیں، نواز لیگ میں شمولیت بھی اپنے نظریے کے تحت کی لیکن نواز شریف نے جو وعدے کیے ان میں سے ایک پر عمل نہیں کیا گیا، اگر ملک کا وزیراعظم رہنے والا شخص جھوٹ بولے اور یقین دہانیاں کروائے تو یہ بالا سمجھ سے بالاتر ہے، ہم نے پی ٹی آئی کے ساتھ چار نقاطی ایگریمنٹ کے تحت شمولیت کی ہے اب ہم پی ٹی آئی کے ڈسپلن کے پابند ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات