ہمیں خیرات نہیں اپنا حق چاہئے، ہم کچرا اٹھانے کی مشینیں لگارہے ہیں ،

سندھ حکومت پیسہ بٹورنے کی مشینیں لگارہی ہے، ڈاکٹر فاروق ستار کراچی والوں کوسوچنا ہوگا وہ سینکڑوں ارب سرکاری خزانے میں دیتے ہیں اور اس میں کتنا واپس ملتا ہے،چندمہینوں کی بات ہے الیکشن میں برساتی مینڈکوں کے خلاف مقدمے کروائیں گے، تقریب سے خطاب آٹھ سال قبل شہر بنا کر لوگوں کے حوالے کیا، ایڈمنسٹریٹرز نے ان علاقوں کو تباہ کردیا،ہم ان تباہ حال علاقوں اور اداروں کو صحیح کررہے ہیں، میئر کراچی

بدھ 22 نومبر 2017 21:15

ہمیں خیرات نہیں اپنا حق چاہئے، ہم کچرا اٹھانے کی مشینیں لگارہے ہیں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2017ء) سربراہ ایم کیوایم (پاکستان )ڈاکٹر فاروق ستارنے کہا کہ ہمیں خیرات نہیں اپنا حق چاہئے، ہم کچرا اٹھانے کی مشینیں لگارہے ہیں سندھ حکومت پیسہ بٹورنے کی مشینیں لگارہی ہے، کراچی کی عوام کی خون پسینے کی کمائی سے لوگ ٹھاٹ کررہے ہیں، کراچی والوں کوسوچنا ہوگا کہ وہ سینکڑوں ارب سرکاری خزانے میں دیتے ہیں اور اس میں کتنا واپس ملتا ہے، انہوں نے کہاکہ چندمہینوں کی بات ہے الیکشن میں برساتی مینڈکوں کے خلاف مقدمے کروائیں گے،ہم نے کم خرچ بالانشیںکے اصول پرعمل کرکے ڈمپرکی منی سروس شروع کی ہے جس کے تحت ہریوسی چیئرمین کو کچرا اٹھانے کے لئے کسی سہارے کے بغیر کام کرنے کے قابل بنایا جا رہا ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کی شام کورنگی نمبر 5 راشد لطیف اکیڈمی گرائونڈ میں13 ٹریکٹرزبلدیہ کورنگی کے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے حوالے کئے جانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر قومی و صوبائی اسمبلی کے ارکان، بلدیہ کورنگی کے چیئرمین سید نیئر رضا، وائس چیئرمین سید احمر علی اور دیگر منتخب نمائندے اور افسران کے علاوہ علاقہ مکینوں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی،ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ ہروقت بینک اکائونٹ نہیں عوام کا مفادبھی پیش نظر ہونا چاہئے ، کراچی کو سینکڑوں ارب کے ٹیکس کے عوض صرف تین سڑکیں بناکر دی گئیں،ساڑھے 7 ارب روپے میں جو سڑکیں بنائی گئی ہیں ہم ایسی نو سڑکیں بنادیتے، انہوں نے کہا کہ اب ہمیں عزت کے ساتھ جینے اور مرنے کا فیصلہ کرنا ہوگا، پہلے تالیاں بجانے اورتقریر سننے پر مقدمات بنتے تھے، الیکشن کا وقت آنے دیں عوام ان کی ایف آئی آر کاٹیں گے اور عوام ہی ان کا فیصلہ کریں گے، کے ایم سی ورکشاپ میں کئی مشینیں قابل استعمال ہیں،آنے والی کل ہماری ہے جسے کوئی چھین نہیں سکتا ،اندرون سندھ میں سیاسی تبدیلی کا وقت آگیا ہے ،مردم شماری شفاف ہوئی تووزیراعلیٰ کی کرسی بھی نہیں رہے گی ،عام سندھی نے نہیں سندھی وڈیروں نے ہمارا حق مارا،ہم اقتدارمیں آئے توپورے سندھ کوحقوق دلوائیں گے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ آٹھ سال قبل شہر بنا کر لوگوں کے حوالے کیا، ایڈمنسٹریٹرز نے ان علاقوں کو تباہ کردیا،ہم ان تباہ حال علاقوں اور اداروں کو صحیح کررہے ہیں،یہ فرق ہے ہم اصل نمائندے ہیں،ہم سے پہلے والوں کاویژن صرف لوٹ مار تھا،آہستہ آہستہ شہر کاکھویا ہوا امیج بحال کریں گے،ضلع کورنگی نے محدود وسائل میں بہترین کام کیا،میئر کراچی نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے بلدیاتی نمائندوں کا ویژن سب کے سامنے ہے،جب ہم نے چارج لیا تو کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کا حال مرے ہوئے گھوڑوں کی طرح تھا،ہم نے شہر کو بنانے کے لئے مل کر کام کئے تھے مگر بعد میں آنے والے لوگوں کا ایک ہی کام تھا کہ لوٹ مار کیسے کی جائے لہٰذا تباہ حال علاقے ہمارے حوالے کئے گئے اور بدترین حالت میں محکمے ہمیں ملے لیکن اس کے باوجود ہم نے ناکافی اور محدود وسائل کی پروا نہ کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں میں اپنے ووٹرز کے لئے کام کئے جو دوسروں کے لئے بھی مثال ہے، انہوں نے کہا کہ تمام تر رکاوٹوں کے باوجود ہم نے کراچی کو اس کے حقوق دلانے کا تہیہ کیا ہوا ہے اور ہم کسی بھی قیمت پر اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ، حالات کتنے ہی ناسازگار کیوں ہوں کراچی میں شروع ہونے والا بہتری کا سفر جاری رہے گا،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، بلدیہ کورنگی کے چیئرمین سید نیئر رضا نے کہاکہ کورنگی زون میں 2300 ٹن کچرا یومیہ جمع ہوتا ہے، 22لاکھ کی لا گت سے مشینری خر ید ی گئی تاکہ اس کچرے کو روزانہ کی بنیاد پر مختلف علاقوں سے اٹھا کر ٹھکانے لگایا جاسکے ، انہوں نے کہا کہ ناکافی بلدیاتی سہولیات کے باعث کورنگی اور لانڈھی کے بیشتر علاقوں میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا تھا جنہیں بتدریج دور کرنے کے لئے ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں اور ہماری خواہش ہے کہ لوگوں کے مسائل جلد از جلد حل ہوں اور اطمینان کے ساتھ اپنے روزمرہ امور انجام دے سکیں، انہوں نے کہا کہ لانڈھی کورنگی صنعتی زونز سے لاکھوں افراد کا روزگار وابستہ ہے اور ان علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے ، لوگوں کے تعاون سے تمام مسائل حل کریں گے۔