سابق وزیراعظم نواز شریف کا عیادت کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کے بیمار رکن قومی اسمبلی رجب بلوچ سے دلچسپ مکالمہ

نہ میں گھبراتا ہوں اور نہ ہی آپ ، منفی ہتھکنڈے استعمال کرنے والے لوگ اب گھبرا رہے ہیں ، اسمبلی میں آپ کے حق میں ووٹ دے کر احسانات کی پہلی قسط اداکردی ، رجب بلوچ

بدھ 22 نومبر 2017 20:40

سابق وزیراعظم نواز شریف کا عیادت  کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کے بیمار رکن ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 نومبر2017ء) سابق وزیراعظم نواز شریف بدھ کو جب مقامی ہسپتال میں مسلم لیگ (ن) کے بیمار رکن قومی اسمبلی رجب بلوچ کی عیادت کیلئے گئے تو میاں نواز شریف اور رجب بلوچ کے درمیان دلچسپ گفتگو ہوئی،رجب بلوچ نے نواز شریف سے کہا کہ میں گھبراتا نہیں ہوں اور نہ ہی آپ گھبراتے ہیں اسی لئے وہ لوگ اب گھبرا رہے ہیں جو منفی ہتھکنڈے استعمال کرتے ہیں، میں کینسر کی بیماری میں مبتلا ہوں اور کل اسمبلی میں آپ کو ووٹ دے کر آپ کے احسانات کی پہلی قسط ادا کر دی ہے انشاء اللہ صحت یاب ہو کر آپ کے احسانات کی باقی اقساط بھی ادا کر دوں گا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق میاں نواز شریف جب مقامی پرائیویٹ ہسپتال میں کینسر کے مرض میں مبتلا رکن قومی اسمبلی رجب بلوچ کی عیادت کیلئے پہنچے تو انہوں نے گزشتہ روز قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی طرف سے پیش کئے گئے پولیٹیکل پارٹیز ایکٹ کے ترمیمی بل کو ناکام بنانے میں ووٹ دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا، جس پر رجب بلوچ نے کہا کہ میاں صاحب آپ کے میرے خاندان اور مجھ پر جو احسانات ہیں ان کو اتارنے کی پہلی قسط کل ادا کی ہے آپ میرے لئے دعا کریں،اپنی والدہ سے بھی کہیں کہ وہ میری صحت یابی کیلئے دعا کریں، جس پر نواز شریف نے کہا کہ بلوچ صاحب! اللہ تعالیٰ بیماروں کی دعائیں قبول کرتا ہے، آپ بھی پاکستان کی سالمیت، استحکام اور مشکلات کے خاتمے کیلئے دعا کریں، جس پر رجب بلوچ نے کہا کہ میری دعا ہے کہ اس وقت آپ کو اور مسلم لیگ (ن) کو جن مشکلات کا سامنا ہے اللہ تعالیٰ آپ کو ان سے نجات دلائے، رجب بلوچ نے اس موقع پر بیگم کلثوم نواز کی صحت یابی کیلئے بھی خصوصی دعا کی۔