پشاور، بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبہ پشاور کے عوام کی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہے، ملک شاہ محمد وزیر

بدھ 22 نومبر 2017 20:47

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 نومبر2017ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ ملک شاہ محمد وزیر نے کہا ہے کہ بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبہ پشاور کے عوام کی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہے،بی آر ٹی منصوبے پر زور و شور سے کام جاری ہے جس کیلئے حکومت نے بھرپور وسائل مختص کئے ہیں،بی آر ٹی منصوبے کی کامیابی سے خائف ہو کر بعض سیاسی مخالفین آئے روز مختلف فورم پر منصوبے کی راہ میں مشکلات پیدا کر رہے ہیں،صوبائی حکومت اس عظیم منصوبے پر کسی کو سیاست چمکانے کا قطعی موقع نہیں دے گی اور اس کا بھرپور دفاع کرے گی۔

حکومت وسیع تر عوامی مفاد کے اس اہم منصوبے کو عملی جامہ پہنانے اور مقررہ مدت میں اس کی تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر اقدامات اٹھا رہی ہے۔

(جاری ہے)

بروز بدھ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے صوبے اور باالخصوص پشاور کی ترقی سے مکمل چشم پوشی اختیار کی،سابقہ ادوار میں پشاور کی ترقی کیلئے کوئی بڑا منصوبہ نہیں دیا گیا۔شاہ محمد وزیر نے کہاکہ پشاور نہ صرف صوبے کا دارالحکومت ہے بلکہ اس کی جغرافیائی اور تاریخی حیثیت بھی انتہائی اہمیت کی حامل ہے ،موجودہ حکومت نے پشاور سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں خطیرلاگت سے انفرا سٹرکچرکی بحالی اور مواصلاتی نظام کی بہتری کیلئے کئی اہم منصوبے مکمل کئے ہیں،بی آر ٹی منصوبے کی تکمیل میں مشکلات ضرور ہیں لیکن حکومت نے اس منصوبے کو بروقت مکمل کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی کی شکل میں حکومت آنے والے دور میں صوبے کو خوشحال اور روشن پشاور کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرے گی۔شاہ محمود وزیر نے تمام سیاسی مخالفین سے اپیل کی کہ بی آرٹی منصوبہ وسیع تر عوامی مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے شروع کیا گیا ہے لہذا اس اہم منصوبے کو غلط رنگ دے کر عوام کے ذہنوں میں تشویش پیدا کرنے سے گریز کیاجائے۔

متعلقہ عنوان :