Live Updates

پولیس کی پیشہ ورانہ کارکردگی کی بدولت صوبے میں امن کا قیام ممکن ہوا ،برسر اقتدار آکر پورے ملک میں عوام کے باہمی تنازعات کے حل کیلئے ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسل کا قیام عمل میں لایا جائیگا،صوبے میں پولیس ایکٹ

2017کانفاذ عمل میں لاکرپولیس کو سیاسی مداخلت سے آزاد کرکے عوام کے سامنے جوابدہ بنادیا ،تحریک انصاف روایتی سیاسی جماعتوں کے برعکس عام آدمی کی فلاح کیلئے کھڑی ہے ، مخالفین کی طرف سے لگائے کرپشن الزامات کا دفاع کرتے ہوئے 60مصدقہ دستاویز پیش کئے ، عوام کا پیسہ چوری کرنیوالوں نے لوٹ مار کی حد کردی ،روایتی سیاسی جماعتوںنے جمہوریت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایاہے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی کوہاٹ میں نو تعمیر شدہ پولیس لائن ، ٹریفک سی ٹی ڈی تھانے و دفاترکی افتتاح کے بعد ڈی آر سی ممبران سے خطاب

بدھ 22 نومبر 2017 20:46

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 نومبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے خیبر پختونخوا پولیس کو رول ماڈل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کی پیشہ ورانہ کارکردگی کی بدولت صوبے میں امن کا قیام ممکن ہوا ہے،برسر اقتدار آکر پورے ملک میں عوام کے باہمی تنازعات کے حل کیلئے ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسل (ڈی آر سی) کا قیام عمل میں لایا جائے گا،صوبے میں پولیس ایکٹ 2017کانفاذ عمل میں لاکرپولیس کو سیاسی مداخلت سے آزاد کرکے عوام کے سامنے جوابدہ بنادیا گیا ہے،تحریک انصاف روایتی سیاسی جماعتوں کے برعکس عام آدمی کی فلاح کیلئے کھڑی ہے ،پولیس تھانوں میں امیر اور غریب کا فرق ختم کرکے بنیادی انسانی حقوق کی پاسداری اورنچلی سطح پر انصاف کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

وہ بدھ کو صوبائی وزیر تعلیم عاطف خان کے ہمراہ ضلع کوہاٹ میں نو تعمیر شدہ پولیس لائن ، ٹریفک وارڈن پولیس مینجمنٹ سکول اور سی ٹی ڈی تھانے و دفاترکی افتتاح کے بعد ڈی آر سی ممبران سے خطاب اور میدیا نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ عوام کے باہمی تنازعات کے حل کیلئے صوبے کے تمام اضلاع میں قائم تنازعات کے حل کونسلوں(ڈی آر سی) کی مسلمہ کردار کے باعث لوگوں کے مجموعی طور پر 17000 تنازعات بہتر ین مصالحتی عمل کے تحت فریقین کی باہمی رضامندی سے حل کرکے خونریز تصادم کے بڑے خطرات ٹال دئیے گئے ہیں۔

انہوں نے ڈی آر سی کے مسلمہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئندہ الیکشن میں برسراقتدار آکر پورے ملک میں ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسل کا قیام عمل میں لایاجائے گا تاکہ عوام کے مسائل و باہمی تنازعات انصاف کے تقاضوں کے عین مطابق تھانوں اور عدالتوں کی بجائے انکی دہلیز پر حل ہوں اور مفاد عامہ کو ملحوظ خاطر رکھ کر امیر و غریب کا فرق ختم کیا جاسکے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مخالفین کی طرف سے انکے خلاف لگائے گئے کرپشن کے الزامات کا دفاع کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں دائر رٹ کی سماعت کے دوران انہوں نے اپنی صفائی میں 60مصدقہ دستاویز پیش کئے ، عوام کا پیسہ چوری کرنیوالوں نے لوٹ مار اور بد عنوانی کی حد کردی جبکہ روایتی سیاسی جماعتوںنے جمہوریت اور پارلیمنٹ کی حرمت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایاہے،نواز شریف کو ابھی تک سمجھ نہیں آیا کہ اسے کیوں نکالا،ڈیرہ اسماعیل خان میں لڑکی کی حرمتی کے واقعے کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ جب یہ واقعہ پیش آیا تو مقامی پولیس نے بلا امتیاز فوری کاروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا، اس حوالے سے سیاسی مخالفین کی تنقید بلا جواز ہے کیونکہ صوبے کے انسپکٹر جنرل پولیس کیس کے تمام پہلوئوں کی خود نگرانی کررہے ہیں اور حقائق کوچھپانے کی بجائے منظر عام پر لایا جارہا ہے۔

صوبائی پولیس فورس کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ اسکے لئے تمام دستاویزی کاروائی مکمل کرلی گئی ہے ،پولیس اصلاحات کے تمام عوامل کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے خیبر پختونخوا پولیس کی قربانیوں اور پیشہ ورانہ کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی لازوال قربانیوں کی بدولت صوبے میں امن و امان کا قیام ممکن ہوا ہے اور دہشتگردی،اغوا برائے تاوان،ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری جیسے سنگین نوعیت کے جرائم میں کافی حد تک کمی رونما ہوئی ہے ،صوبے کی پولیس سیاسی مداخلت سے مکمل آزاد ہے اورپولیس کے تمام تبادلوں وتقرریو ں سمیت دیگر انتظامی امور کے تمام اختیارات صوبائی پولیس سربراہ کے سپرد کئے گئے ہیں ۔

اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم عاطف خان،انسپکٹر جنرل آف پولیس صلاح الدین خان محسود،ایم این اے شہریار آفریدی،ڈی آئی جی کوہاٹ اول خان،کمشنر کوہاٹ مطاہر زیب،ڈی آئی جی ٹریننگ پشاور کریم خان،ڈی پی اوکوہاٹ جاوید اقبال،ڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالد الیاس، ایم پی اے ضیاء اللہ خان بنگش،خاتون ایم پی اے دینا ناز،ضلع ناظم کوہاٹ نسیم آفریدی،سابق چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ سید ابن علی اورایس پی آپریشنز کوہاٹ جمیل اختر کے علاوہ پولیس حکام و ڈی آر سی ممبران اورپاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی کثیر تعداد بھی انکے ہمراہ موجود تھی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات