ڈپٹی کمشنر حافظ آبادصالحہ سعید کی ہدایت پر اہم سڑکوں ،چوکوں اور بازاروں میں کوڑا کرکٹ کی تلفی کے لیے ابتدائی اقدامات شروع

بدھ 22 نومبر 2017 20:44

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 نومبر2017ء) ڈپٹی کمشنر حافظ آبادصالحہ سعید کی ہدایت پرمرکزی انجمن تاجران کے تعاون سے شہر کی اہم سڑکوں ،چوکوں اور بازاروں میں کوڑا کرکٹ کی تلفی کے لیے ابتدائی اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیںاور انجمن تاجران کے صدر شیخ محمد امجد، جنرل سیکرٹری ملک ہمایوںشہزاد ،الحدید مارکیٹ کے نمائیندہ محمد جمیل مغل سمیت مختلف تنظیموں کے عہدہ داروں نے اسسٹنٹ کمشنر حافظ آباد امتیاز شاہد گوندل کو یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ شہر کی خوبصورتی اور کوڑا کرکٹ کی زیادہ بہتر اور منظم انداز میں تلفی کے سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کیا جائیگا اور اگلے چند دنوں میں فوارہ چوک سے جناح چوک تک گوجرانوالہ روڈ پر خوب صورت کوڑا دان (ڈسٹ بن) لگا دیئے جائیں گے اور بعد ازاں اس کا دائرہ شہر کی دیگر سڑکوں اور چوکوں تک بھی بڑھا دیا جائیگا۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے اے سی حافظ آباد نے کہا کہ تاجر تنظیموں اور مخیر حضرات کے تعاون اور انہی کی نگرانی میں شہر کی خوب صورتی کے لیے ایک جامع پلان پر عمل درآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میںصفائی ستھرائی اور کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں کی تلفی کے سلسلہ میں خاطر خواہ اقدامات کئے گئے جن پر شہریوں کا خوشگوار رد عمل بڑا حوصلہ افزا ہے اور صفائی مہم کے نتائج نظر آنا شروع ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسی مہم کو آگے بڑھاتے ہوئے کمیونٹی کی شراکت سے چیزوں کو مذید بہتر اور خوب صورت بنایا جائیگا۔انہوں نے انجمن تاجران کی جانب سے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ شہر ہم سب کا ہے اور اس کو ہم نے مل کر خوب صورت اور صاف ستھرا بنانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہر بازار کی تنظیم اگر ارادہ کرلے تو نہ صرف تجاوزات کا خاتمہ ہو جائیگابلکہ صفائی کی صورتحال میں بھی واضح اور مستقل بہتری آ جائیگی جس سے بہت سارے شہری اور عوامی مسائل حل ہونگے۔

مرکزی انجمن تاجران کے صدر شیخ محمد امجد ،جنرل سیکرٹری ملک ہمایوں شہزاد ،الحدید مارکیٹ کے نمائندہ محمد جمیل مغل،اعجاز مغل ،علی پور روڈ کے صدر کپتان جاوید خان ،مدنی بازار کے صدر محمد رفیق اور ظفر اقبال رتو سمیت اجلاس میں موجود دیگر تاجر نمائیندوں نے تجاوزات کے خاتمے اور صفائی کی صورتحال میں بہتری کے لیے فوری ٹھوس اقدامات اٹھانے پر ڈپٹی کمشنر صالحہ سعید کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے د وہفتوں سے بھی کم عرصہ میں مہینوں کا کام کر دکھایا ہے اور شہری انکی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شہر کی خوب صورتی میں اضافے ،تجاوزات کے خاتمے اور صفائی ستھرائی کی صورتحال میں مستقل بہتری کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کو کامیاب بنانے میں بھر پور تعاون کریں گے۔

متعلقہ عنوان :