پاک بھارت کرکٹ سیریز کے حوالے سے جنوری میں آئی سی سی تنازعہ کمیٹی میں کیس فائل کر دیں گے، کسی ٹورنامنٹ میں بھارت کے نہ کھیلنے پر پاکستان کو پوائنٹس ملیں گے، چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی

بدھ 22 نومبر 2017 20:30

پاک بھارت کرکٹ سیریز کے حوالے سے جنوری میں آئی سی سی تنازعہ کمیٹی میں ..
لاہور۔22 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2017ء) چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز کے حوالے سے جنوری میں آئی سی سی تنازعہ کمیٹی میں کیس فائل کر دیں گے، کسی ٹورنامنٹ میں بھارت کے نہ کھیلنے پر پاکستان کو پوائنٹس ملیں گے، پی ایس ایل تھری کے لئے غیر ملکی کھلاڑی لاہور آنے پر رضا مند ہیں، آٹھ سے دس روز میں پی ایس ایل تھری کا شیڈول جاری کر دیا جائے گا۔

گورننگ بورڈ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز کے معاملے پر اراکین کو اعتماد میں لیا ہے، جنوری کے پہلے ہفتے میں آئی سی سی کی تنازعات کمیٹی کے سامنے کیس فائل کر دیں گے، کسی بھی ٹورنامنٹ میں پاک بھارت میچ ہو گا تو بھارت کو کھیلنا ہو گا نہ کھیلنے پر پاکستان کو پوائنٹس ملیں گے، زیادہ بہتر یہی ہوگا کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز ہو، اگر بھارت سیریز نہیں کھیلتا توہم نے بھاری بھر کم مطالبات رکھے ہیں، بی سی سی آئی حکومت سے اجازت مانگ رہا ہے، ایف ٹی پی میں پاک بھارت میچز کا معاملہ ڈیڈ لاک کا شکار ہے، میں نے واضح اعلان کیا ہے کہ بھارت کے ساتھ سیریز کے معاملے کے لئے ایک ملین ڈالرز کا بجٹ رکھا ہے، آئی سی سی نے ترمیم کر دی ہے کہ اب تنازعات کمیٹی کے بعد کسی دوسرے فورم میں نہیں جا سکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن کاآڈٹ ہوچکا ہے، پی ایس ایل ٹو کا آڈٹ آخری مراحل میں اور چار ہفتے تک رپورٹ مکمل ہو جائے گی، نئی آڈٹ کمیٹی بنادی ہے، عارف اعجاز آڈٹ کمیٹی کے چِیئرمین ہوں گے، آڈٹ کمیٹی میں منصور مسعود، پی سی بی کے سی ایف او اور پی سی بی کے انٹرنل آڈیٹر شامل ہوں گے۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل تھری کے لئے غیر ملکی کھلاڑیوں نے لاہور آنے پر رضا مندی ظاہر کردی ہے، دبئی نے پی ایس ایل کیلئے مزید میچز مانگے ہیں، میچز یو اے ای سے پاکستان منتقل کرنے سے اخراجات بڑھ جاتے ہیں، دو سال کے اندر اندر پی ایس ایل پاکستان میں آجائے گا جب پی ایس ایل پاکستان آئے گا تو ہمیں سٹیڈیم بھی بڑھانا ہوں گے، دو تین روز میں ہماری ٹیم متحدہ عرب امارات جا رہی ہے اور آٹھ سے دس روز میں پی ایس ایل تھری کے شیڈول کا اعلان کردیا جائے گا۔

پی ایس ایل میں ریجن کرکٹ کو شامل کیا جائے گا، کوئٹہ ریجن نے پی ایس ایل کی ٹیموں میں کوئٹہ کے کھلاڑی نہ ہونے کا معاملہ اٹھایا ہے جس پر کوئٹہ کویقین دلایا ہے کہ آئندہ برس ہر ٹیم میں ریجنل کھلاڑیوں کی شمولیت کو یقینی بنائیں گے۔ شہریار خان نے مصباح الحق اور یونس خان کو ایڈوائزر رکھا تھا، میں مصباح اور یونس خان سے بات کروں گا، ان دونوں کے علاوہ ایک اور کرکٹر کو بھی ایڈوائزر مقرر کریں گے، پی ایس ایل فائیو میں ٹیموں کی تعداد بڑھانے پر غور کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ نیشنل سٹیڈیم کراچی کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے، طویل المدت نئے پراجیکٹ کیلئے ڈیڑھ ارب مختص کیے گئے ہیں، سٹیڈیم کے لئے لانگ اور شارٹ ٹرم منصوبہ بندی کی ہے، شارٹ ٹرم منصوبے کے تحت فروری میں پی ایس ایل تھری کا فائنل کروانے کے لئے سٹیڈیم تیار کرنا ہے، اس کے علاوہ راولپنڈی میں بھی فار اینڈ بلڈنگ بنے گی جس میں میڈیا باکس اور دیگر باکسز بنیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بڑے عرصے بعد ویمن ٹیم نے اچھی کارکردگی دکھائی ہے، غیر ملکی کوچ مارک کولز کی کارکردگی سے کھلاڑی منیجر اور کپتان سب خوش ہیں، شاہد اسلم کو ویمن کرکٹ کا سینئر جنرل منیجر مقررتعینات کردیا ہے، شاہد اسلم اب قومی ٹیم کے ساتھ بطور اسسٹنٹ منیجر کے طور پر ٹور پر نہیں جائیں گے، ویمن کرکٹ کے لئے جنرل منیجر تعینات کرنا ہے اس کے لئے اشتہار دیا جائے گا۔ ویسٹ انڈین ٹیم پانچ سال تک ہر سال تین ٹی ٹوئنٹی میچز کے لئے پاکستان آئے گی، آئندہ برس مارچ میں ویسٹ انڈیز پاکستان آئے گی، پی سی بی ریجنل آئیں میں تبدیلی ہمارے ایجنڈے میں نہیں تھا۔