حکومتی سطح پر پہلی دفعہ ثقافتی پالیسی ترتیب دی جا رہی ہے جو کہ خوش آئند ہے، کمشنر

بدھ 22 نومبر 2017 20:30

گوجرانوالہ۔22 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2017ء)حکومتی سطح پر پہلی دفعہ ثقافتی پالیسی ترتیب دی جا رہی ہے جو کہ خوش آئند ہے جس میںاسٹیک ہولڈرز کی رائے بھی شامل کی جائے گی۔ مجوزہ ثقافتی پالیسی کے دور رس نتائج حاصل ہوں گے۔انسانی معاشرے میں کچھ قدریں مشترک ہوتی ہیں اور یہی اقدار مل کر ثقافت کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

ثقافت ہر شئے کو اپنے اندر جذب کر تی ہے اور منجمند کر کے نئی نسل میں تاریخی ثقافتی اقدار منتقل کرتی ہے۔ مہذب قومیں اپنی تہذیب و تمدن کا تحفظ کرتی ہیں۔ حکومت کے اس اقدام سے نہ صرف پنجاب کی ثقافت کو تحفظ ملے گا بلکہ فن اور فنکار کو بھی ترقی ملے گی۔ حکومت اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی ثقافت کو محفوظ کر کے نئی نسل تک پہنچائے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد آصف کمشنر گوجرانوالہ و چیئرمین گوجرانوالہ آرٹس کونسل نے پنجاب کی ثقافتی پالیسی کی تشکیل کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس میں صدارتی خطبہ کے دوران کیا۔اجلاس کے شرکاء نے حکومت کے ثقافت پسنداقدام کی بھرپور حمایت کی۔ سماجی رہنما میاں زاہد ممتاز اور پروفیسر فائن آرٹس شمائلہ افتخار نے اظہار خیال کیا۔

قبل ازیں ڈائریکٹر آرٹس کونسل ڈاکٹر حلیم خاں نے شرکاء ورکشاپ کو پنجاب کی ثقافتی پالیسی پر مفصل مسودہ کے بارے میں آگاہ کیا۔ ورکشاپ میںگوجرانوالہ ڈویژن کے ادبی، ثقافتی اور سماجی حلقوں سے متعلق دانشوروں اور فنکاروں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور حکومت پنجاب کی جانب سے ملکی تاریخ میں پہلی بار ثقافتی پالیسی تشکیل دینے کے اقدام کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

ورکشاپ میں انجم ریاض سیٹھی اسسٹنٹ کمشنر جنرل گوجرانوالہ،ندیم بٹ ڈویژنل اسپورٹس آفیسر ، چوہدری عمر حماد انچارج کمیشن برائے حقوق خواتین، قاری زاہد سلیم، معروف ماہر تعلیم و صحافی عابد حسین سیالوی، میاں زاہد ممتاز سماجی کارکن، اسرائیل ایڈووکیٹ، شفیق احمد انصاری ایڈووکیٹ، خالد رحمان، جاوید نیازی سنئیر ڈرامہ نگار سیالکوٹ، چوہدری اشرف مجید، شمائلہ افتخار، عائشہ بٹ، مقدس فردوس،خالد خان گجرات، عمران رشید یاور، مرزا عبدالغنی منڈی بہاوالدین، عبدالجبار رضا انصاری حافظ آباد، عتیق انور راجہ کالم نگار، سعید اعوان شوبز کالم نگار،تسلیم چیمہ،فیاض اروپی، زاہد علی فنکار، شازب مرزا، توقیر رضوی، سیف بھٹی اور خواجہ شجاع و دیگر نے شرکت کی اور ثقافتی پالیسی کے مختلف نکات کے حوالے سے اپنا نقطہ نظر پیش کیا۔

ورکشاپ کے اختتام پر کمشنر گوجرانوالہ نے شرکاء کو اس امر کی یقین دہانی کروائی کہ ان کے نقطہ نظر کو پالیسی مسودہ کا حصہ بنانے کے لئے سفارشات حکومت پنجاب کو ارسال کی جائیں گی ۔ اس سلسلہ میں انہوں نے ڈائریکٹر گوجرانوالہ آرٹس کونسل کو سفارشات جلد مرتب کر نے کی ہدایت کی۔