Live Updates

پولیس کی پیشہ ورانہ کارکردگی کی بدولت صوبے میں امن کا قیام ممکن ہوا ہے،عمران خان

بدھ 22 نومبر 2017 20:17

پولیس کی پیشہ ورانہ کارکردگی کی بدولت صوبے میں امن کا قیام ممکن ہوا ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے خیبر پختونخوا پولیس کو رول ماڈل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کی پیشہ ورانہ کارکردگی کی بدولت صوبے میں امن کا قیام ممکن ہوا ہے۔برسر اقتدار آکر پورے ملک میں عوام کے باہمی تنازعات کے حل کیلئے ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسل (ڈی آر سی) کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

صوبے میں پولیس ایکٹ 2017کانفاذ عمل میں لاکرپولیس کو سیاسی مداخلت سے آزاد اور عوام کے سامنے جوابدہ بنادیا گیا ہے۔پولیس تھانوں میں امیر اور غریب کا فرق ختم کرکے بنیادی انسانی حقوق کی پاسداری اورنچلی سطح پر انصاف کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے صوبائی وزیر تعلیم عاطف خان کے ہمراہ ضلع کوہاٹ میں نو تعمیر شدہ پولیس لائن ، ٹریفک وارڈن پولیس منیجمنٹ سکول اور سی ٹی ڈی تھانے و دفاترکی افتتاح کے بعد ڈی آر سی ممبران سے خطاب اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے کہا کہ عوام کے باہمی تنازعات کے حل کیلئے صوبے کے تمام اضلاع میں قائم تنازعات کے حل کونسلوں(ڈی آر سی) کی مسلمہ کردار کے باعث لوگوں کے مجموعی طور پر 17000 تنازعات بہتر ین مصالحتی عمل کے تحت فریقین کی باہمی رضامندی سے حل کرکے خونریز تصادم کے بڑے خطرات ٹال دئیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ برسراقتدار آکر پورے ملک میں ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسل(ڈی آرسی) کا قیام عمل میں لایاجائے گا ۔

صوبائی پولیس فورس کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ اسکے لئے تمام دستاویزی کارروائی مکمل کرلی گئی ہے ۔ پولیس اصلاحات کے تمام عوامل کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے خیبر پختونخوا پولیس کی قربانیوں اور پیشہ ورانہ کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی لازوال قربانیوں کی بدولت صوبے میں امن و امان کا قیام ممکن ہوا ہے ، دہشتگردی،اغوا برائے تاوان،ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری جیسے سنگین نوعیت کے جرائم میں کافی حد تک کمی رونما ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے تمام تبادلوں وتقرریو ں سمیت دیگر انتظامی امور کے تمام اختیارات صوبائی پولیس سربراہ کے سپرد کئے گئے ہیں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :