سینیٹر سراج الحق کی بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے مزید 6قائدین کو پھانسیوں کی سزا کی مذمت

بدھ 22 نومبر 2017 20:14

سینیٹر سراج الحق کی بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے مزید 6قائدین کو پھانسیوں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے بنگلہ دیش میں حسینہ واجد حکومت کی طرف سے جماعت اسلامی کے مزید 6 قائدین کو پھانسی کی سزا سنائے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیاہے کہ فوری طور پر عالمی سطح پر اس مسئلے کو اٹھایا جائے اور ان پھانسیوں کو رکوانے کے لیے عالمی برادری سے تعاون کی اپیل کی جائے ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ نام نہاد جنگی جرائم ٹریبونلز کی طرف سے جماعت اسلامی کے مرکزی قائدین سمیت درجنوں راہنمائوں کو محض پاکستان سے محبت اور وفاداری کے جرم میں پھانسیاں دی گئی ہیں، اب ایک بار پھر وہی کھیل کھیلا جارہاہے لیکن حکومت پاکستان مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پاکستان بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان سہ فریقی معاہدے کو عالمی عدالت میں پیش کیا جائے جس میں فریقین نے 1971 ء کی جنگ اور علیحدگی کے واقعات کی بنا پر کسی کو سزا نہ دینے اور عام معافی کا اعلان کیاتھا ۔

دریں اثنا سینیٹرسراج الحق اور لیاقت بلوچ نے دہشتگردی کے خلاف لڑتے ہوئے شہادت پانے والے میجر اسحق کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیاہے ۔ انہوںنے شہید کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ شہید پر پوری قوم کو فخر ہے اور شہدا کے خاندان قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں ۔