سیاستدان اور حکمران گورننس کے نظام اور معاشرے کی تباہی کے ذمہ دار ہیں،پرویزخٹک

اتحادی حکومت نے حکمرانی سے متعلق تمام مسائل پر کام کیا ،میرٹ پر فیصلہ سازی کو فروغ دیا، حقدار کو حق اور انصاف کی فراہمی اور صوبہ بھر میں بغیر کسی رکاوٹ کے عوام کی سماجی خدمات تک رسائی یقینی بنائی،وزیراعلی خیبرپختونخوا

بدھ 22 نومبر 2017 20:06

سیاستدان اور حکمران گورننس کے نظام اور معاشرے کی تباہی کے ذمہ دار ہیں،پرویزخٹک
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2017ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک ضلع چارسدہ سے معروف سیاسی شخصیت قومی وطن پارٹی کے دیرینہ کارکن حاجی فرمان کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ سیاستدان اور حکمران گورننس کے نظام اور معاشرے کی تباہی کے ذمہ دار ہیں۔وہ چاہیں تب بھی نظام کی تباہی کے الزام سے اپنا دامن چھڑا نہیں سکتے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی موجودہ اتحادی حکومت نے حکمرانی سے متعلق تمام مسائل پر کام کیا ،میرٹ پر فیصلہ سازی کو فروغ دیا، حقدار کو حق اور انصاف کی فراہمی اور صوبہ بھر میں بغیر کسی رکاوٹ کے عوام کی سماجی خدمات تک رسائی یقینی بنائی۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے چارسدہ سے حاجی فرمان کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

حاجی فرمان نے قومی وطن پارٹی سے 40 سالہ وابستگی کو خیرباد کہتے ہوئے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ فضل محمد خان اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وزیراعلیٰ نے موصوف کی تحریک انصاف میں شمولیت کو پارٹی کی قیادت اور صوبائی حکومت کی کارکردگی پر اعتما دکا مظہر قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے عمران خان کے ویژن اور سوچ کے مطابق خیبرپختونخوا میں نظام کی تبدیلی اور عام آدمی کی فلاح کیلئے ساڑھے چار سال عملی اقدامات کئے ہیںجن کی بدولت تحریک انصاف کی عوامی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ۔

علاقائی امتیازات اورسیاسی وابستگیوں سے بالا تر انسانیت کی یکساں خدمت تحریک انصاف کا منشور ہے اور ہم نے اپنے عمل سے ثابت بھی کیا ہے کہ ہم انسانیت کی فلاح کیلئے کھڑے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف کی اتحادی حکومت سے پہلے صوبے میں ایک عجیب نظام قائم تھا ۔سماجی خدمات کے شعبوں صحت ، تعلیم ، پولیس ، پٹوار سمیت تمام محکمے تباہی کا شکار تھے ۔

رشوت عروج پر تھی ۔تحریک انصاف نے اپنے منشور کے مطابق ان شعبوں کو نئے خطوط پر استوار کیا ۔اداروں میں سیاسی مداخلت اور ڈاکو راج کا خاتمہ کرکے اداروں کو با اختیار اور ڈیلیور کرنے کے قابل بنایا ۔رشوت کے خاتمے کیلئے قانون سازی کی ۔عوام کو ضروری خدمات کی فراہمی کیلئے خدمات تک رسائی کا قانون پاس کیا جس کے تحت ذمہ داران مقررہ وقت کے اندر خدمات کی فراہمی کے پابند ہیں اب عوام کو دردر کی ٹھوکریں نہیں کھانا پڑیں گی ۔

پولیس کو بااختیار فورس بنایا اور سیاسی غلامی کی بجائے عوام کی خدمت پر مامور کیا۔ موجودہ پولیس اور ماضی کی پولیس میں فرق دیکھا جا سکتا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ پوری دُنیا میں ادارے بااختیار ہیں ہر ادارہ اپنے مینڈیٹ کے مطابق خدمات کی فراہمی کا پابند ہے مگر ہمارے ہاںاداروں کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا گیا اور عوام کی خدمت کاکلچر ہی نہیں تھا۔ تحریک انصاف نے اس نظام کو تبدیل کیا اور صوبے میں قابل عمل شفاف نظام کی بنیادرکھی ۔ہمارے تمام تر اقدامات اور اصلاحا ت کا مرکز و محور عام آدمی ہے۔ہم عوام کی زندگیوں میں آسانی لانے کیلئے وسائل خرچ کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آج صوبہ بھر میں خواص و عوام جوق درجوق تحریک انصاف میں شامل ہورہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :