محمد نواز شریف اور بے نظیر بھٹو شہیدکو سیاست سے بے دخل کرنے کے لیے آمر پرویز مشرف کی آئین میں شامل کردہ شق کو ختم کر دیا گیا ہے، وزیر مملکت ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

بدھ 22 نومبر 2017 20:06

محمد نواز شریف اور بے نظیر بھٹو شہیدکو سیاست سے بے دخل کرنے کے لیے آمر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2017ء) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ محمد نواز شریف اور بے نظیر بھٹو شہیدکو سیاست سے بے دخل کرنے کے لیے آمر پرویز مشرف کی آئین میں شامل کردہ شق کو ختم کر دیا گیا ہے۔ بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بالکل اسی طرح کی ترمیم فیلڈ مارشل ایوب خان کے دور میں کی گئی جسے ذوالفقار علی بھٹو نے نکال دیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور دیگر اپوزیشن نے گزشتہ روز کے قومی اسمبلی کے اجلاس میں مایوس کیا اور پاکستان پیپلز پارٹی نے اسی شق کو اختیار کیا جسے ان کے بانی زوالفقار علی بھٹو نے ختم کیا تھا۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ ترمیمی بل تمام ممکنہ عمل سے گزرا ہے اور پہلے ہی قومی اسمبلی سے منظور بھی ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف ہی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سپریم لیڈر ہیں اور قومی اسمبلی کے اجلاس میں اراکین قومی اسمبلی کی موجودگی نے یہ ثابت کیا ہے کہ ہماری جماعت میں کسی قسم کی کوئی دراڑ نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت فیض آباد دھرنے کے پرامن حل کے لیے تمام تر کوششیں کر رہی ہے۔