پولیس فورس کو دور حاضر کیمطابق جدید تربیت سے آراستہ کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں گے،

صوبے میں ٹریفک مینجمنٹ سکول کوہاٹ اپنی نوعیت کا اٹھواں سپیشلائزڈ ٹریننگ سکول ہے جس کا باقاعدہ افتتاح کردیا ،ٹریفک مینجمنٹ سکول کوہاٹ کو ہر قسم کی جدید سہولیات سے آراستہ کیاگیا ہے، قانون دان، فوج و موٹروے پولیس انسٹرکٹرز ، جوانوں کو خصوصی لیکچرز دیں گے آئی جی پولیس خیبر پختونخوا صلاح الدین خان کا ٹریفک مینجمنٹ سکول اور کوہاٹ پولیس لائن کی افتتاحی تقریب سے خطاب

بدھ 22 نومبر 2017 19:59

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 نومبر2017ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا صلاح الدین خان نے کہا ہے کہ پولیس فورس کو دور حاضر کے مطابق جدید تربیت سے آراستہ کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں گے، صوبے میں ٹریفک مینجمنٹ سکول کوہاٹ اپنی نوعیت کا اٹھواں سپیشلائزڈ ٹریننگ سکول ہے جس کا آج باقاعدہ افتتاح کیا گیا ،ان سکولوں میں اب تک 17 ہزار سے زائد افسروں و جوانوںکو خصوصی تربیت فراہم کی گئی ہے، ٹریفک مینجمنٹ سکول کوہاٹ کو ہر قسم کی جدید سہولیات سے آراستہ کردیا گیا ہے، جہاں فوج اور موٹروے پولیس کے سنیئر انسٹرکٹرز ، پروفیسر، قانون دان اور ماہر ڈاکٹرز پولیس جوانوں کو خصوصی لیکچرز دیں گے اور تربیتی اُمور سے متعلق اپنے اپنے مقالے پیش کریں گے۔

(جاری ہے)

وہ بروز بدھ کوہاٹ میں ٹریفک مینجمنٹ سکول اور نئے تعمیر شدہ کوہاٹ پولیس لائن کی افتتاح کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ ،تقرب کے مہمان خصوصی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان تھے جنہوں نے علیحدہ علیحدہ تختی کی نقاب کشائی کرکے سکول و پولیس لائن دونوں کاباقاعدہ افتتاح کیا۔ آئی جی پی نے کہا کہ سکول میں زیر تربیت جوانوں کو قانون ، مینجمنٹ ، انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مہارت، عوامی خدمات، فرسٹ ایڈ اور کسی بھی کاروائی کے دوران اپنے آپ کو محفوظ بنانے کے لیے گُر سکھائے جائیں گے، نیاکوہاٹ پولیس لائن 200 کینال اراضی پر 469 ملین روپے کی تخمینہ لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے، جسمیں 600 اہلکاروں کی رہائش کی گنجائش موجود ہے اور اسمیں اہلکاروں کیلئے رہائشی فلیٹس، فائرفائٹنگ، دھوبی گھاٹ اور دیگر پیشہ ورانہ اور بنیادی جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

پولیس فورس میں نئے تعمیراتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے، خیبر پختونخوا پویس میں رواں مالی سال کے دوران تین ہزار ملین روپے کے زائد مالیت کی لاگت سے کئی ایک منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچائے جائیں گے، جن میں 25 نئے پولیس اسٹیشن، چھ ریجنوں میں سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹرز اور مانسہرہ میں کے 9 یونٹ کا قیام شامل ہیں اور ساتھ ہی ساتھ چترال ، دیر اور شانگلہ میں نئے پولیس لائنز تعمیر کئے جائیں گے، صوبے میں امن و آمان کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے، آئی جی پی نے کہا کہ رواں سال صوبے میں جرائم اور دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی رہی اور رواں سال پچھلے پانچ سالوں کے مقابلے میں سب سے پُرامن رہا، اس دوران پولیس نے اب تک مختلف کاروائیوں میں 17 ہزار سے زائد اشتہاری مجرمان گرفتار کئے جو پچھلے سال کے تقابلی مدت کی تعداد سے 2 ہزار زیادہ ہیں۔

اسی طرح رواں سال قتل، اقدام قتل کے جرائم کی شرح منفی 16 فیصد، جرائم برخلاف املاک 12 فیصداور دہشتگردی کے واقعات منفی 51 فیصد رہی۔ آئی جی پی نے کہا کہ رواں سال منشیات کی مد میں بھی پولیس کو نمایاں کامیابیاں ملیں۔ اسی دروان 15 ہزار کلو گرام چرس اور ساڑھے چھ سو کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئیں۔اسی دوران 22913 ایف آئی آرز درج کئے گئے۔ اور مختلف کاروائیو ں میں 6758 عدد رائفلز، 21086 عدد پستول، 2705 کلاشنکوف، 10ایل ایم جی, 10 راکٹ لانچرز اور 993 ڈیٹونیٹرز برآمد کئے گئے۔ اسی طرح تنازعات کے حل کے کونسلوں میں مختلف نوعیت کے پانچ ہزار سے زائد تصفیے پُر امن طریقے سے حل کئے گئے جبکہ پولیس ایکسس سروس میں 2 ہزار سے زائد شکایات نمٹائے گئے۔