خیبر پختونخوا حکومت نے پولیس فورس کو ہر قسم کی سیاسی مداخلت سے پاک کرکے اسے پاکستان کی بہترین فورس بنا دیا ہے

اب پولیس عوام کے جان و مال کی حفاظت اور دہشت گردی کیخلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے ، فورس کے جوان سے لے کر اعلیٰ افسران تک نے جانوں کے نذرانے پیش کرکے لازوال تاریخ رقم کی ہے صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان کی پولیس لائن ، ٹریفک مینجمنٹ سکول کا سنگ بنیا د رکھنے کے بعدمیڈیا سے گفتگو

بدھ 22 نومبر 2017 19:59

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 نومبر2017ء) صوبائی وزیر تعلیم و توانائی محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ حکومت خیبر پختونخوانے پولیس فورس کو ہر قسم کی سیاسی مداخلت سے پاک کرکے اسے پاکستان کی بہترین فورس بنا دیا ہے ، پولیس عوام کے جان و مال کی حفاظت اور دہشت گردی و انتہا پسندی کیخلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے فورس کے جوان سے لے کر اعلیٰ افسران تک نے جانوں کے نذرانے پیش کرکے لازوال تاریخ رقم کی ہے اورپوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

وہ بروز بدھ کوہاٹ میں نئی پولیس لائن ، ٹریفک مینجمنٹ سکول اور سی ٹی ڈی عمارت کا سنگ بنیا د رکھنے کے بعدمیڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے بھی میڈیا سے بات چیت کی اور خیبر پختونخوا پولیس کو مثالی اور ماڈل فورس بنانے کے اقدامات کو اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں دوسروں کے علاوہ رکن قومی اسمبلی شہریار آفریدی،اراکین صوبائی اسمبلی ضیاء اللہ بنگش، دینا ناز، انسپکٹر جنرل آف پولیس صلاح الدین محسود، پارٹی کارکن،پولیس جوان اور عمائدین علاقہ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

وزیرتعلیم نے پولیس کا مورال بلند کرنے کے لئے انسپکٹر جنرل آف پولیس کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں خیبر پختونخوا پولیس ناقابل تسخیر بن چکی ہے جبکہ صوبائی حکومت نے بھی پولیس کو مکمل بااختیار بنا نے میںکو ئی کسر نہیں چھوڑی ہے، پولیس کی قربانیوں کی وجہ سے لوگوں کو دن کا چین اور راتوں کی نیند نصیب ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پولیس فورس کو مثالی بنانے میں وزیر اعلی خیبر پختونخوا اور ان کی ٹیم کا بھی بنیادی رول ہے اور پولیس فورس کی بہتر کارکردگی کی تمام حکومتیں اور سرکاری و غیر سرکاری تنظیمیں معترف ہیں۔