جمہوریت کے استحکام میں وکلاء برادری کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ گورنر سندھ

بدھ 22 نومبر 2017 19:53

جمہوریت کے استحکام میں وکلاء برادری کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ گورنر ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ بحالی جمہوریت تحریک اور جمہوریت کے استحکام میں وکلاء برادری کا کردار ناقابل فراموش ہے ،عام آدمی کو انصاف کی فراہمی میں بھی وکلاء برادری بھرپور کردار اد ا کررہی ہے ،حکومت وکلاء برادری کے مسائل کے حل اور حائل مشکلات کے خاتمہ کے لئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنا رہی ہے ۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے کراچی بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر نعیم قریشی ، جنرل سیکریٹری خالد نوا ز مروت سمیت وکلاء کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ حکومت وکلاء کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ وکلاء بھرپور انداز میں اپنے کام پر توجہ مرکوز کرسکیں ، عام آدمی کو انصاف کی فراہمی اور انھیں مشکلات سے نجات دلانے میں وکلاء شب و روز محنت کررہے ہیں جس سے عام آدمی کو فائدہ پہنچ رہا ہے جو کہ خوش آئند ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 2007 ء کی تحریک میں بھی وکلاء نے ہراول دستہ کا کردار ادا کیا ،شہر کے امن کے لئے بھی وکلاء کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ 4برس کی انتھک محنت کے باعث کراچی اپنی سابقہ روشنیوں کی جانب لوٹ رہا ہے اور شہر میں سیاسی ، سماجی ، ثقافتی اور معاشی سرگرمیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اچھی حکومت عام آدمی کو انصاف کی فراہمی کے وژن کے تحت ہی قائم رہ سکتی ہے ،فلاحی ریاست کی تشکیل اورمعاشرہ میں انصاف عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے لئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے اس ضمن میں بعض ذیلی ادارے انصاف کی فراہمی میں اہم ثابت ہورہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت وکلاء برادری کے تعاون سے عوام کے لئے سستے اور فوری انصاف کی فراہمی کے لئے ایک میکنزم تیار کرے گی جس سے عام آدمی کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے سٹی کورٹ کے اطراف ترقیاتی کام کروانے کے مطالبہ پر کراچی بار ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے کہا کہ وہ اس ضمن میں ایک جامع ورکنگ پیپر بناکر دیں تاکہ سٹی کورٹ کے اطراف سڑکوں کی بحالی اور نکاسی آب کی درستگی کے منصوبوں کو کراچی ترقیاتی پیکج میں شامل کیا جا سکے ۔

متعلقہ عنوان :