نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ ،فاٹا نے کراچی وائٹس کو 19رنز سے ہرا دیا

کراچی وائٹس کی ٹیم 220رنز ہدف کے تعاقب میں مقررہ20اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر200رنز بنا سکی

بدھ 22 نومبر 2017 19:53

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ ،فاٹا نے کراچی وائٹس کو 19رنز سے ہرا دیا
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 نومبر2017ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام جاری نیشنل ٹی 20کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2017 میںفاٹا نے کراچی وائٹس کو 19رنز سے ہرا دیا، پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے گذشتہ روز پہلے میچ میں کراچی کے کپتان سرفراز احمدنے ٹاس جیت کرفاٹا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی،فاٹاریجن کی ٹیم نے مقررہ 20اوورز میں6وکٹوں کے نقصان پر219رنز بنائے ،مختار احمد نے ٹورنامنٹ کی پہلی سنچری سکورکی ،انہوں نے 58گیندوں پر 15چوکوںاور 6چھکوں کی مدد سے 117نز کی شاندار اننگ کھیلی جبکہ سہیل اختر نے ایک چوکے اور پانچ چھکوں کی مدد سے 39 رنزاور نبی گل نے دو چکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 22رنز بنائے ،کراچی کی طرف سے انور علی اور تابش خان نے بالترتیب 51اور62رنز دیکر دو،دو جبکہ رومان رئیس 29 رنز اور ذوالفقار بابر نے 40 رنز دے کر ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔

(جاری ہے)

جواب میں کراچی کی ٹیم مطلوبہ ہدف پورا نہ کر سکی بلکہ مقررہ20اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر200رنز بنا سکی اور 19رنز سے میچ ہار گئی،کراچی کی طرف سے خرم منظور نے ٹورنامنٹ کی دوسری سنچری سکور کی تاہم وہ اپنی ٹیم کو کامیابی دلوانے میں ناکام رہے،خرم منظورنے 61گیندوں پر14چوکوں اور دو چھکوں کی مددسے 104رنزاور حارث سہیل نے 23گیندوں پر4چوکوں اور 3چھکوں کی مدد سی50رنز بنائے،فاٹا کی طرف سے سمین گل اور حماد اعظم نے بالترتیب 26اور30رنز دیکر دو،دو وکٹیں حاصل کیں۔

فاٹا ریجن کے مختار احمد کو ان کی شاندار سنچری پر مین آف دی میچ کے ایوارڈ کا حقدار قرار دیا گیا۔(آج) جمعرات کومزید دو میچ کھیلے جائینگے۔پہلا میچ لاہورریجن(بلیوز) اورراولپنڈی ریجن کی ٹیموں کے درمیان دوپہر12بجے جبکہ دوسرا میچ فیصل آبادریجن اورپشاورریجن کی ٹیموں کے درمیان سہ پہر4بجے کھیلا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :