پی ایس ایل فور میں مزید ٹیمیں شامل کی جائیں گی، ہر ریجن کی ٹیم میں اس کے کھلاڑی شامل کیے جائیں گے

بی سی سی آئی نے پاکستان سے سیریز کیلئے اپنی حکومت سے اجازت طلب کرلی ہے ،امید ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کو پاکستان سے سیریز کی اجازت مل جائے گی، ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم پاکستان آئے گی،غیر ملکی کھلاڑیوں نے پی ایس ایل لاہور میں کھیلنے کی رضامندی ظاہر کی ہے پی سی بی چیئر مین نجم سیٹھی کی پریس کانفرنس

بدھ 22 نومبر 2017 19:53

پی ایس ایل فور میں مزید ٹیمیں شامل کی جائیں گی، ہر ریجن کی ٹیم میں اس ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 نومبر2017ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین نجم سیٹھی نے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں مزید ٹیموں کی شمولیت کا عندیہ دینے کے ساتھ ساتھ ان کے مقامی کھلاڑیوں کو بھی سکواڈ میں شامل کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔

(جاری ہے)

لاہور میں پی سی بی بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کے بعد نجم سیٹھی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن کا آڈٹ ہوچکا ہے جبکہ دوسر ے ایڈیشن کا آڈٹ حتمی مراحل میں ہے ،پاکستان سپر لیگ کے اگلے ایڈیشن کے لیے مزید فرنچائزز بنانے کی کوشش ہے اور جس ریجن کی فرنچائز ہوگی اس میں اس کے کھلاڑی بھی شامل کیے جائیں گے ،کھلاڑیوں کی شمولیت کا فیصلہ فرنچائز مالکان کی مشاورت سے ہوگا کیوں کہ یہ ان کا اختیار ہے ۔

نجم سیٹھی کا مزید کہنا تھا کہ بی سی سی آئی نے پاکستان سے سیریز کیلئے اپنی حکومت سے اجازت طلب کرلی ہے ،امید ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کو پاکستان سے سیریز کی اجازت مل جائے گی،اگر وہ آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان کے ساتھ کھل سکتا ہے تو پاکستان کو پوائنٹس مل جائیں گے، بھارت کو باہمی سیریز بھی کھیلنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم پاکستان آئے گی،غیر ملکی کھلاڑیوں نے پی ایس ایل لاہور میں کھیلنے کی رضامندی ظاہر کی ہے۔