پارلیمنٹ میں معزز ممبران کی محمد نواز شریف سے اظہار یکجہتی کی مثال نہیں ملتی‘ جمہوریت دشمن قوتوں کو اپنے ناپاک عزائم میں عبرتناک شکست ہو گی، آصف زرداری پہلے کسی اور کی اینٹ سے اینٹ بجانا چاہتے تھے، اب وہ جمہوریت کی اینٹ سے اینٹ بجانے کے درپے ہیں

صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کی پنجاب اسمبلی کیفے ٹیریا میں میڈیا سے گفتگو

بدھ 22 نومبر 2017 19:06

پارلیمنٹ میں معزز ممبران کی محمد نواز شریف سے اظہار یکجہتی کی مثال ..
لاہور۔22 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2017ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں جس طرح معزز ممبران نے محمد نواز شریف سے اظہار یکجہتی کیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی، پنجاب اسمبلی میں سابقہ ادوار کی نسبت سب سے زیادہ قانون سازی ہوئی ہے، زرداری صاحب پہلے کسی اور کی اینٹ سے اینٹ بجانا چاہتے تھے مگر اب وہ جمہوریت کی اینٹ سے اینٹ بجانے کے درپے ہیں۔

بدھ کو پنجاب اسمبلی کیفے ٹیریا میں میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہاکہ محمد نواز شریف عوام دشمن اور جمہوریت دشمن قوتوں کیخلاف سامنے آئے ہیں اور جس طرح سے راولپنڈی سے لاہور آتے ہوئے عوام نے ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اس نے یہ ثابت کر دیا کہ ان کو عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جاسکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت باتیں ہو رہی ہیں کہ محمد نواز شریف اداروں سے ٹکرائو اور مزاحمت کر رہے ہیں مگر جس دن ان کیخلاف اعلیٰ عدلیہ سے فیصلہ آیا تو وہ فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے اپنے عہدے سے علیحدہ ہو گئے تھے لیکن اس فیصلے کیخلاف اپیل کرنا ان کا حق ہے اور اس اپیل کو اب ٹکرائو کا نام دیاجارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے محمد نواز شریف کے جمہوری کردار کو تسلیم کیا ہے اور اس کا واضح ثبوت عوام کا ان سے والہانہ محبت کااظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ذوالفقار علی بھٹو اور اعتراز احسن نے عدلیہ کے فیصلوں پر جو تنقید کی وہ پوری قوم کے سامنے ہے مگر مسلم لیگ (ن) کو ہی کیوں تنقید کانشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء کے الیکشن میں عوام اپنا فیصلہ دیں گے کہ وہ جمہوریت پسند لوگوں کو کتنا پسند کرتے ہیں اور یہ الیکشن نہیں ریفرنڈم ثابت ہو گا۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبہ کے عوام کی انتہائی ایمانداری سے خدمت کی ہے اور کسی بھی سطح پر ایک بھی دھیلے کی کرپشن نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی میٹروبس سروس میں کرپشن کی باتیں کی گئیں مگر جب ہم نے میٹرو بس سروس کا تمام ریکارڈ نیب میں پیش کیا تو اس میں کہیں پر بھی کرپشن ثابت نہ ہوئی جو اس بات کا ثبوت ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی حکومت نے عوامی فلاح کیلئے شروع کئے منصوبوں کو ایمانداری سے پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے۔ آصف علی زرداری کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ زرداری صاحب پہلے کسی اور کی اینٹ سے اینٹ بجانا چاہتے تھے مگر اب وہ ان کا پیچھا چھوڑ کر جمہوریت کی اینٹ سے اینٹ بجانے کے درپے ہیں۔