گوادر سنگاپور اور ہانگ کانگ جیسا پورٹ سٹی بنے گا، گوادر میں بجلی اور پانی کا مسئلہ جلد حل کر لیں گے، وفاقی وزیر احسن اقبال

بدھ 22 نومبر 2017 19:06

گوادر سنگاپور اور ہانگ کانگ جیسا پورٹ سٹی بنے گا، گوادر میں بجلی اور ..
گوادر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2017ء) وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی اور وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ گوادر کو سنگاپور اور ہانگ کانگ جیسا پورٹ سٹی بنایا جائے گا، گوادر کا بجلی اور پانی کا مسئلہ چند ماہ میں ہنگامی بنیادوں پر حل کر لیں گے، وفاقی بجٹ میں گوادر کے 50 نوجوانوں کو اسکالرشپ پر ملک کی اعلی یونیورسٹیوں میں تعلیم دلوانے کے لئے بجٹ رکھا گیا ہے جبکہ50 نوجوان چینی زبان سیکھنے کے لئے چین بھیجے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو گوادر پورٹ میں ایسٹ بے ایکسپریس وے آف گوادر پورٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایسٹ بے ایکسپریس وے آف گوادر پورٹ گوادر کو 6 رویہ سڑک اور ریلوے ٹریک کے ذریعے مکران کوسٹل ہائی وے سے ملائے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ میر حاصل خان بزنجو، وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ، گورنر و وزیراعلیٰ بلوچستان، چینی سفیر، پورٹ حکام، قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین اور علاقہ عمائدین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک کے قیام سے گوادر سمیت ملک بھر میں خوشحالی آئے گی اور مقامی لوگوں کو روزگار ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ2013 ء میں جب وزیراعظم محمد نوازشریف نے چین کے دورے کے موقع پر سی پیک منصوبے پر دستخط کئے تو اس وقت یہ صرف ایک کا عذ کا ٹکڑا تھا لیکن دونوں حکومتوں عزم اور محنت سے اب یہ حقیقت بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا مخلص دوست ہے اور چین نے پاکستان کا اس وقت ساتھ دیا جب کوئی اور ساتھ دینے کے لئے تیار نہیں تھا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمیں 2013 ء کا پاکستان نہیں بھولنا چاہئے ،20 سے 22 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ تھی، امن وامان کی صوتحال بھی بہتر نہ تھی لیکن آج مقامی لوگ گوادر کی ترقی سے مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج سی پیک پر تمام قیادت اور صوبے متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے گوادر میں یونیورسٹی قائم کرنے کے لئے ایک ارب روپے مختص کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں ہسپتال سمیت دیگر منصوبوں پر بھی تیزی سے کام ہو رہا ہے جس سے مقامی لوگ مستفید ہوں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین کے سفیر Yao Jing نے کہا کہ پاکستان اور چین قریبی دوست ہیں اور دونوں ملکوں کی یہ دوستی ہمیشہ قائم رہے گی۔ انہوں نے گوادر پورٹ اور سی پیک پاکستان کو پوری دنیا سے منسلک کر دے گا۔

متعلقہ عنوان :