قوم نواز شریف سے حساب لینے کیلئے بے چین ہے (ن)لیگ حکومت میں ہونے کے باوجود سازش کا رونا رو رہی ہے ‘قمر زمان کائرہ

حکومت آئینی فورمز میں معاملات حل کر ے، کسی آئین سے ماورا قدم کو قبول نہیں کیا جائے گا‘صدر پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کا ورکرز کنونشن سے خطاب

بدھ 22 نومبر 2017 19:02

قوم نواز شریف سے حساب لینے کیلئے بے چین ہے (ن)لیگ حکومت میں ہونے کے باوجود ..
شیخوپورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2017ء) پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ نواز شریف ملک میں سیاسی گرد چاہتے ہیں جس سے انہیں فائدہ پہنچ سکے ،قوم نواز شریف سے حساب لینے کیلئے بے چین ہے مسلم لیگ حکومت میں ہونے کے باوجود سازش کا رونا رو رہی ہے ، ججز کو سوچنا چاہیے کہ طاقتور کے خلاف فیصلہ دیکر کب تک گالیاں سننی چاہئیں، حکومت آئینی فورمز میں معاملات حل کر ے، کسی آئین سے ماورا قدم کو قبول نہیں کیا جائے گا، اگر جمہوریت کو خطرہ ہوا تو پیپلزپارٹی سب سنبھال لے گی، عمران خان کی اصل شکل قوم کے سامنے آرہی ہے سمیع الحق سے اتحاد کر کے کونسا روشن خیال لا رہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیخوپورہ میں منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے سینئر نائب صدر محمد اسلم گل،سابق سینئرصوبائی وزیر ملک مشتاق احمد اعوان،صدر لاہور ڈویژن رائے شاہ جہان بھٹی،جنرل سیکرٹری لاہور ڈویژن حاجی فلک شیر،ضلع شیخوپورہ کے صدر جاوید اکبر ڈوگر،تحصیل صدر یاور الطاف ورک ،سابق رکن پنجاب اسمبلی جاوید بھٹی سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔

قمرز مان کائرہ نے کہا کہ جب پیپلزپارٹی بن رہی تھی اس وقت بھی جمہوری استحکام کی باتیں ہو رہی تھیں، ہماری اپنی حکومتیں بھی مکمل جمہوری نہیں تھی، آج پھر ملک میں جمہوری تسلسل کے لئے کوشاں ہیں۔ حکمران جماعت کے نکالے گئے وزیراعظم سازشوں کی بات کر رہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ نواز شریف جمہوریت ڈی ریل کر نے والوں کے ساتھ کھڑے رہے، اسمبلیوں کا سہارا صرف اقتدار تک پہنچنے کے لئے لیا، 1990 سے اب تک کے سارے الیکشنوں میں نواز شریف کے لئے دھاندلی کی گئی۔

ہم بار بار نواز شریف سے پوچھتے ہیں آخر سازش کیا ہے، پیپلز پارٹی ہمیشہ کہتی رہی کہ حکومت آئینی فورمز میں معاملات حل کر ے۔ انہوںنے کہاکہ جمہوری نظام میں نواز شریف اور ان کے خاندان کو سزا ہو سکتی ہے ملک میں یہ تاثر نہیں ہونا چاہیے کہ کمزور کے لئے قانون الگ اور طاقتور کے لئے الگ ہے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ختم نبوت پاکستان میں طے شدہ معاملہ تھا، آخر اسے کیوں چھیڑا گیا۔ بی بی شہید کے قتل کی منصوبہ بندی ان کے مدرسے میں ہوئی جس کے ساتھ عمران خان اتحاد کررہے ہیں۔