موٹر سائیکلوں میں ٹریکنگ ڈیوائسز کی تنصیب کے حوالے سے ہرممکن اقدامات کئے جائیں،وزیرداخلہ سندھ

جرائم اور اس سے وابستہ عناصر گروہوں اور کارندوں کی بیخ کنی حکومت سندھ کی تمام تر ترجیحات میں شامل ہے ،سہیل انور سیال کا اجلاس سے خطاب

بدھ 22 نومبر 2017 18:58

موٹر سائیکلوں میں ٹریکنگ ڈیوائسز کی تنصیب کے حوالے سے ہرممکن اقدامات ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2017ء) وزیر داخلہ سندھ سہیل انور خان سیال کی زیر صدارت موٹر سائیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن،ٹریکنگ کمپنیز،سندھ پولیس،ایکسائز ڈپارٹمنٹ،رینجرز اور سی پی ایل سی پرمشتمل اعلیٰ سطحی مشترکہ اجلاس کیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری داخلہ سندھ، آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جیزکراچی، اسپیشل برانچ ،سی ٹی ڈی، سمیت رینجرز،قانون نافذ کرنیوالے دیگراداروں,ایکسائز ڈپارٹمنٹ سی پی ایل سی کے افسران/نمائندوں اورموٹر سائیکل اور ٹریکنگ کمپنیوں کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔

وزیر داخلہ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ صوبے بھر کی موٹر سائیکلوں میں ٹریکنگ ڈیوائسز کی تنصیب کے حوالے سے پچھلی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ نئی اور پرانی موٹر سائیکلوں میں ٹریکنگ ڈیوائسز کی تنصیب کا عمل تمام اسٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت سے مکمل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اجلاس کو شرکاء سے وزیر داخلہ سندھ نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جرائم اور اس سے وابستہ عناصر گروہوں اور کارندوں کی بیخ کنی حکومت سندھ کی تمام تر ترجیحات میں شامل ہے ۔

انہوں نے کہا چونکہ زیادہ تر جرائم میں موٹر سائیکل سوار ملوث پائے گئے ہیں لہٰذااس تناظر میں موٹر سائیکلوں میں ٹریکنگ ڈیوائسز کی تنصیب انتہائی ناگزیراور اشد ضروری ہے ۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے موٹر سائیکل ایسوسی ایشن اور ٹریکنگ کمپنیوں کے نمائندگان نے وزیر داخلہ سندھ کو یقین دہانی کروائی کہ ان کا تمام تر غیر مشروط تعاون سندھ حکومت کے ساتھ ہے اور عوام کو جرائم سے محفوظ معاشرے کی فراہمی کے حوالے سے وہ سرکاری اقدامات کی مکمل حمایت و تائید کرتے ہیں۔

سہیل انور خان سیال کے استفسار پر ان کو بتایا گیا کہ شہر میں چلنے والے بیشتر چنگ چی رکشوں کا کوئی باقاعدہ ریکارڈ موجود نہیں جس پر وزیر داخلہ سندھ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس حوالے سے پالیسی وضع کرنے اور چنگ چی رکشوں کو باقاعدہ ضابطہ کار میں لانے کے احکامات جاری کئے۔ وزیر داخلہ سندھ نے سیکرٹری داخلہ سندھ کو ہدایت کی کہ تمام متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت سے قانونی تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے ابتدائی مسودہ تیار کیا جائے اور موٹر سائیکلوں میں ٹریکنگ ڈیوائسز کی تنصیب کے عمل میں مزید تاخیر سے کام نہ لیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :