لاڑکانہ، لیڈی ہیلتھ ورکرز نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر جاری تین روزہ انسداد پولیو مہم کے آخری روز مہم کا بائیکاٹ کردیا

بدھ 22 نومبر 2017 18:15

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2017ء) لاڑکانہ میں لیڈی ہیلتھ ورکرز نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر جاری تین روزہ انسداد پولیو مہم کے آخری روز مہم کا بائیکاٹ کردیا، بائکاٹ کے باعث مہم شدید متاثر ہوگئی، لیڈی ہیلتھ ورکرز نے احتجاجی مظاہرہ کرکے تنخواہیں جاری کرنے کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ میں محکمہ صحت کی جانب سے 20 نومبر سے تین روزہ انسداد پولیو جاری ہے تاہم مہم کے آخری روز مہم میں حصہ لینے والی 750 لیڈی ہیلتھ ورکرز میں سے بیشتر نے انسداد پولیو مہم کا بائکاٹ کردیا۔

بائکاٹ کے باعث انسداد پولیو مہم شدید متاثر ہوگئی اور بیشتر ٹیمیں فیلڈ میں روانہ نہ ہوسکیں۔ دوسری جانب بائکاٹ کرنے والی لیڈی ہیلتھ ورکرز نے پولیو باکس کے ہمراہ پریس کلب کے سامنے پہنچ کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومت سندھ کے خلاف شدید نعرے بھی بازی کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر لیڈی ہیلتھ ورکرز ریشمان نگہت، گلشن سولنگی، صغریٰ میمن، لال خاتون اور دیگر کا کہنا تھا کہ گذشتہ پانچ ماہ سے تنخواہیں جاری نہیں کی گئیں جس کے باعث گھر میں چولہا نہیں جل رہے اور گھروں میں فاقہ کشی کی صورتحال ہے۔

لیڈی ہیلتھ ورکرز کے مطابق محکمہ صحت کے حکام کی عدم دلچسپی کے باعث انہیں تنخواہیں جاری نہیں کی جارہیں۔ انہوں نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، محکمہ صحت کے صوبائی وزیر سمیت دیگر بالا حکام سے اپیل کی کہ تنخواہیں جاری کرکے چھائی پریشانی ختم کی جائے۔

متعلقہ عنوان :