پاک فضائیہ کے سربراہ کی رائل فضائیہ کے نمبر 9 سکواڈرن کے ساتھ تربیتی فضائی مشن میں شرکت

بدھ 22 نومبر 2017 18:14

پاک فضائیہ کے سربراہ کی رائل فضائیہ کے نمبر 9 سکواڈرن کے ساتھ تربیتی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2017ء) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے رائل فضائیہ کے تاریخی نمبر 9 سکواڈرن کا دورہ کیا اور اور رائل ائیر بیس مرحم پر ٹارنیڈو لڑاکا طیار ے میں ایک تربیتی فضائی مشن میں شرکت کی ۔ ان کی ائیر بیس آمد پر انہیں اس قابلِ فخر سکواڈرن کی آپریشنل سرگرمیوں اور اس کی شاندار تاریخ کے بارے میں آگاہ کیا گیا ۔

اس دورے کی ایک خاص وجہ یہ بھی تھی کہ اس سال پی اے ایف بیس مصحف میں ایک تقریب کے دوران پاک فضائیہ کے نمبر 9 سکواڈرن کو رائل فضائیہ کے اس سکواڈرن کا جڑواں قرار دیا گیا تھا۔ رائل فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سر سٹیفن ہیلیر نے خصوصی طور پر اس تقریب میں شرکت کی تھی اور پاک فضائیہ کے شہرہ آفاق نمبر 9 سکواڈرن کے F-16 طیارے میں بیٹھ کر ایک تربیتی فضائی مشن میں حصہ لیا تھا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے رائل فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سر سٹیفن ہیلیر کے ساتھ وزارت دفاع (لندن) میں ملاقات کی۔ اس ملاقات میں کئی پیشہ وارانہ اور باہمی دلچسپی کے امورپر گفتگو کی گئی۔ ائیر چیف نے دہشت گردی کے خلاف کامیاب آپریشنز میں پاک فضائیہ کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے دونوں فضائی افواج کے درمیان باہمی مشقوں کی اہمیت اور آپس کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ائیر چیف مارشل سر سٹیفن ہیلیر نے پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ صلاحیت اور ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے میں اس کے کردار کو سراہا۔ بعد ازاں پاک فضائیہ کے سربراہ نے رائل کالج آف ڈیفنس سٹڈیز کا دورہ بھی کیا او رPeace South Asia Security Dynamics : Pivot to World کے موضوع پر لیکچر دیا ۔ لیکچر کے دوران ائیر چیف نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے لڑی جانے والی جنگ میں پاکستان کی کامیابی پر روشنی ڈالی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ قبائلی لوگوں کو قومی دھارے میں لانے سے کافی فوائد حاصل ہوئے اور اس سے اس خطے میں امن قائم کرنے میں مدد ملی۔ انہوں نے افغانستان میں سیاسی استحکام اور امن کے لیے مصالحت کی ضرورت پر زور دیا اور سی پیک کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس عظیم الشان منصوبے سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں ترقی اور معاشی استحکام کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔انہوں نے اس بہترین ادارے کے طلباء اور اساتذہ کے ساتھ ملاقات کی اور طلباء کو اس مفید کورس سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہونے کا مشورہ دیا ۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاک فضائیہ کے سربراہ بھی اس شاندار ادارے سے فارغ التحصیل ہیں۔

متعلقہ عنوان :