محمد زبیر کا گرین لائن سمیت دیگر منصوبوں کا دورہ

متعلقہ حکام نے تفصیلی بریفنگ دی ۔ تمام منصوبے مقررہ وقت پر مکمل کئے جائیں ،گورنر سندھ کی ہدایت

بدھ 22 نومبر 2017 18:09

محمد زبیر کا گرین لائن سمیت دیگر منصوبوں کا دورہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے وفاق کے تحت جاری منصوبوں کے جائزہ کے لئے شہر بھر کا دورہ کیا ۔اس موقع پر ان کے ہمرا ہ کراچی انفرااسٹرکچر کمپنی لمیٹیڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر محمد صالح احمد فاروقی سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔ گورنر سندھ نے ایم اے جناح روڈ ، نشتر روڈ ، منگھوپیر روڈ کا دورہ کرتے ہوئے 4-K چورنگی سرجانی گئے جہاں پر گرین لائن منصوبہ کے بارے میں تفصیلات فراہم کی گئی جس کے بعد گورنر سندھ ناگن چورنگی پہنچے جہاں پر انہوں نے گرین لائن منصوبہ کے راستہ پر حیدری تک سفر کیا ۔

گورنر سندھ نے دورہ میں ترقیاتی کام کی رفتار کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو موقع پر ہی ہدایت کی کہ منصوبہ کے اطراف پبلک ٹرانسپورٹ کے لئے متبادل راستوں کا بھی خصوصی خیال رکھا جائے تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

(جاری ہے)

حیدری اسٹیشن پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی کو ماڈرن سٹی بنانے کے منصوبہ پر کام کررہے ہیں، گرین لائن کی تکمیل سے شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ کا موئثر نظام شروع ہوگا کیونکہ کراچی دنیا کا بڑا شہر ہے جہاں پر آبادی کے بڑھتے ہوئے دبائو کے پیش نظر مسائل میں اضافہ ہو رہاہے خاص طور پر آمد و رفت کے ذرائع کی کمی یا گنجائش سے زائد گاڑیوں کے گذرنے سے لوگوں کو انتہائی تکلیف ہوتی ہے اس ضمن میں وفاق کے تحت سرجانی سے گرین لائن منصوبہ شروع کیا گیا ہے یہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ آرام دہ اور سستی سفری سہولیات فراہم کرنے والامنفرد منصوبہ ہے جس کی تکمیل سے شہر کے ایک حصہ میں ٹریفک کے دبائو میں کمی اور لوگوں کو جدید دور کی سفری سہولیات بھی حاصل ہو نگی ، منصوبہ پر کام تیزی سے جاری ہے ، ماس ٹرانزٹ منصوبہ کے تحت شہر میں گرین لائن ، اورنج لائن ، بلیو لائن اور یلو لائن سمیت دیگر منصوبے تشکیل دیئے گئے ہیں جن میں سے گرین لائن منصوبہ اپنے تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں گورنر محمد زبیر نے کہا کہ شنگھائی پاور کمپنی بہت جلد کے الیکٹرک کا انتظام سنبھال لے گی جس سے شہر میں بجلی کی فراہمی کے لئے کمپنی اپنی بھر پور صلاحیتوں کو بروئے کار لائے گی کیونکہ انہوں نے بجلی کے انفرااسٹرکچر میں بہتری کے لئے 9ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کا بھی وعدہ کیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ بنیادی سہولیا ت کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ، ترقیاتی منصوبوں کو مقرر وقت پر مکمل کرنے کے لئے وقتاً فوقتاً کام کی رفتار کا جائزہ اہم ثابت ہوتا ہے اسی اپنے دورہ میں شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا تاکہ کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جا سکے ، مقررہ وقت پر منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں ، کسی بھی منصوبہ کی تاخیر سے عوام کو مشکلات کا سامنا اور منصوبہ اپنی افادیت بھی کھو دیتا ہے،کراچی ترقیاتی پیکج کے تحت منگھو پیر روڈ کی بحالی و ترقی کے لئے 2588 ملین روپے اور 6.7 کلومیٹر نشتر روڈ کی بحالی و ترقی کے لئے 860 ملین روپے رکھے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ منگھوپیر روڈ کراچی کی ایک اہم ٹریفکآرٹری ہے اس لئے اس کی بحالی کا منصوبہ کراچی پیکج میں شامل کیا گیا ہے ۔ گورنر محمد زبیر نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد شہر میں ترقیاتی منصوبے وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ عوام کو آپریشن کے ثمرات پہنچائے جا سکیں اس ضمن میں وفاق نے 25 ارب روپے کے کراچی ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا ہے اس سے قبل وفاق کے تعاون سے 50 ارب روپے سے منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں جن میں لیار ی ایکسپریس وے ، گرین لائن ، پینے کے صاف پانی کا منصوبہ K-IV اور دیگر منصوبے شامل ہیں اس طرح وفاق شہر میں 75 ارب روپے سے ترقیاتی کام کروارہا ہے۔

دورہ کے دوران گورنر سندھ نے حیدری کے مقام پر گرین لائن کے ساتھ شجر کاری مہم کے سلسلہ میں پودا بھی لگایا ۔

متعلقہ عنوان :