گورنر سندھ محمد زبیر سے رومانیہ اور ترکی کے سفراء کی ملاقات

دو طرفہ تعلقات ، تجارت اور سرمایہ کاری کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال سرمایہ کاروں کی کراچی میں دلچسپی خوش آئند ہے ، محمد زبیر۔تجارت اور سرمایہ کاری میں مزید اضافہ وقت کی ضرورت ہے ،سفراء

بدھ 22 نومبر 2017 18:09

گورنر سندھ محمد زبیر سے رومانیہ اور ترکی کے سفراء کی ملاقات
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2017ء) گورنر سند ھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاک رومانیہ دو طرفہ تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم اور مضبوط ہو رہے ہیں ، پاک رومانیہ کے درمیان دو طرفہ تجارت ، سرمایہ کاری اور تکنیکی معاونت کی فراہمی میں اضافہ سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ حاصل ہوگا اس ضمن میں رومانیہ کے سرمایہ کاروں کا کراچی کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی خوش آئند ہے ۔

ان خیا لا ت کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں رومانیہ کے سفیر Mr.Nicolae GOIA سے ملاقات میں کیا ۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات ، خطہ کی جاری صورتحال ، تجارت اور سرمایہ کاری کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔گورنر سندھ نے کہاکہ پاک رومانیہ دوطرفہ تعلقات کے استحکام میں مزید اضافہ اور دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئیMr.Nicolae GOIA اہم کردار ادا کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد کراچی سرمایہ کاروں کے لئے آئیڈیل شہر بن چکا ہے یہی وجہ ہے کہ شہر کی استعداد سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے لئے غیر ملکی سرمایہ کاروں میں تسلسل سے اضافہ ہو رہاہے اس ضمن میں رومانیہ کے سرمایہ کار بھی شہر کی استعداد سے بھر پور فائدہ اٹھائیں پر کشش ماحول اور محفوظ سرمایہ کاری سے مطلوبہ منافع سے زائد کے نتائج یقینی ہیں جبکہ حکومت بھی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ میں زراعت ،صحت ، تعلیم ، انفرااسٹرکچر ڈیویلپمنٹ اور دیگر ایسے شعبے ہیں جن میں سرمایہ کاری کی بہت زیادہ گنجائش ہے ، غیر ملکی سرمایہ کاری سے صوبہ سمیت خطہ میں غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ یقینی ہے ۔ ملاقات میںرومانیہ کے سفیر Mr.Nicolae GOIA نے گورنر سندھ کو بتایا کہ رومانیہ کے سرمایہ کار صوبہ با الخصوص کراچی کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں ،دوطرفہ تعلقات کے مزید استحکام کے لئے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں مزید اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے جس کے لئے ضروری اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔

دریں اثنا ء گورنر سندھ محمد زبیر سے ترکی کے سفیرصادق بابر گرگن (Sadiq Babur Girgin)سے گورنر ہائوس میں ملاقات کی ۔ اس موقع پر کراچی میں تعینات ترکی کے قونصل جنرل مراد مصطفی اونارٹ بھی موجود تھے ۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاک ترکی دوطرفہ تعلقات احترام، خلوص ،محبت ، باہمی رواداری اور اسلامی اخوت کے تحت قائم ہیں جو نہ صرف دو طرفہ حکومتوں بلکہ عوامی سطح پر بھی مستحکم اور مضبوط ہیں ، ترکی نے ہر مشکل مراحل میں پاکستان کی دل کھول کر مدد کی جسے پاکستانی قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد کراچی میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ ہو رہا ہے ، خطہ میں اہم مقام پر ہونے کے باعث کراچی سرمایہ کاروں کے آئیڈیل شہر ہے جہاں پر تعلیم یافہ ،تجربہ کار ، محنتی اور کم لاگت سرمایہ کاروں کے نہایت مفید ہے اس ضمن میں ترکی کے سرمایہ کار بھی شہر میں سرمایہ کاری سے بھرپور استفادہ حاصل کریں حکومت ترکی کے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاو ن و مدد فراہم کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ ترکی کے سرمایہ کار صوبہ سندھ سمیت پورے پاکستان میں سرمایہ کاری میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں جس سے لوگوں کو روزگار کے وسیع مواقع دستیاب ہورہے ہیں جبکہ خطہ سے غربت کے خاتمہ میں بھی مدد مل رہی ہے ، ترکی کے سرمایہ کاروں کی صحت ، تعلیم ، انفرااسٹرکچر سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری سے لوگوں کو معیاری سہولیات حاصل ہو رہی ہیں ۔ملاقات میں ترکی کے سفیر نے گورنر سندھ کو بتایا کہ کراچی بھرپور استعداد کا حامل شہر ہے جہاں امن و امان کے قیام سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ یقینی ہے اس ضمن میں ترکی کے سرمایہ کار بھی شہر کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :