وزیر اعلیٰ کی پنجاب سپیڈ کے سب لوگ معترف ہیں‘عدالتی فیصلے کے بعد چار سے چھے ماہ کے اندر میٹرو منصوبہ مکمل کر لیاجائیگا‘خواجہ احمد حسان

اورنج لائن کے 27کلومیٹر طویل ٹریک کے اطراف میں تزئین و آرائش اور ترقیاتی کاموں کیلئے جامع پلان تیار کیا جارہا ہے‘اجلاس سے خطاب

بدھ 22 نومبر 2017 17:32

وزیر اعلیٰ کی پنجاب سپیڈ کے سب لوگ معترف ہیں‘عدالتی فیصلے کے بعد چار ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2017ء) وزیر اعلی پنجاب کے مشیر اور سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لئے وزیرا علیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی پنجاب سپیڈ کے سب لوگ معترف ہیں ۔ عدالتی فیصلے کے بعد چار سے چھے ماہ کے اندر اندر میٹرو ٹرین منصوبہ مکمل کر لیا جائے گا ۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین کے 27کلومیٹر طویل ٹریک کے اطراف میں تزئین و آرائش اور ترقیاتی کاموں کے لئے جامع پلان تیار کیا جا رہا ہے جس کے تحت پودے لگانے‘فٹ پاتھوں کی تعمیر‘سٹریٹ لائٹس‘زبیرا کراسنگ بنانے ‘سولنگ لگانے ‘سڑک پار کرنے والوں کی راہنمائی کے لئے جلنے بجھنے والی روشنیاں نصب کرنے ‘لائٹ پولزاور دیگر شہری سہولتوں کی فراہمی کے لئے باقاعدہ پلاننگ کے تحت خصوصی جگہیں مختص کی جائیں گی ۔

(جاری ہے)

منصوبے کے کنسلٹنٹ نیسپاک نے اس مقصد کے لئے کام شروع کر دیا ہے ۔ طلبہ و طالبات کو ٹریفک قوانین کی پابندی سکھانے کے لئے لاہور کے 50تعلیمی اداروں میں محکمہ تعلیم‘ٹریفک پولیس اور نیسپاک کے تعاون سے ٹریفک سیفٹی کے بارے میں آگاہی مہم چلائی جائے گی۔وہ گزشتہ روز اورنج لائن منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے - اجلاس میںایم پی اے چودھری شہباز ‘ ڈپٹی میئرنذیر خان سواتی ‘ چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید‘ جنرل منیجرآپریشنز پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سید عزیر شاہ‘ جنرل منیجر نیسپاک سلمان حفیظ اور حسیب خواجہ ‘ چیف انجینئر ٹیپا سیف الرحمن اور لیسکو‘پی ٹی سی ایل ‘سوئی گیس ‘ ریلوے‘ ٹریفک پولیس ‘سول ڈیفنس‘ریسکیو1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلی افسران کے علاوہ منصوبے کے چینی کنٹریکٹر سی آر نورنکو اور چائنہ انجینئر نگ کنسلٹنس کے نمائندوں اور مقامی کنٹریکٹرز نے شرکت کی ۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ مجموعی طور پر منصوبے کا77.6 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے -ڈیرہ گجراں سے چوبرجی تک پیکیج ون کا 87.3فیصد‘ چوبرجی سے علی ٹائون تک پیکیج ٹو کا 61 فیصد ‘پیکیج تھری ڈپو کا 82.2فیصد جبکہ پیکیج فور سٹیبلینگ یارڈ کی تعمیر کا 80.4فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے ۔منصوبے کا 30فیصد الیکٹریکل و مکینیکل ورکس بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔

خواجہ احمد حسان نے ہدایت کی کہ پیکیج ٹو کے تعمیراتی کام کی رفتار تیز کی جائے ۔ سڑکوں کی بحالی کاکام جلد از جلد مکمل کیا جائے اورچوبرجی تا ملتان چونگی سڑک کی بحالی کا کام 30نومبر تک مکمل کیاجائے ‘اس کے علاوہ روٹ پر موجودتجاوزات کے خاتمے کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں ۔انہوںنے ہدایت کی کہ ماڈل سٹیشن کے طور پر تیار کئے جانے والے اسلام پارک اور سلامت پورہ سٹیشنوں کو 30نومبر تک سول ‘الیکٹریکل و مکینیکل ہر لحاظ سے مکمل کر لیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :