جھنگی لمبا میرا میں چوری کی پے در پے وارداتیں تھانہ میرپور پولیس کیلئے لمحہ فکریہ،

چور سابق آرمی کے جوان کے گھر سے طلائی زیورات، ایل ای ڈی، پستول سمیت دیگر قیمتی اشیاء لوٹ کر فرار ہو گئے

بدھ 22 نومبر 2017 17:15

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2017ء) جھنگی لمبا میرا میں چوری کی پے در پے وارداتیں تھانہ میرپور پولیس کیلئے لمحہ فکریہ ہیں، ایک اور واردات میں سابق پاک آرمی کے جوان کے گھر سے چور دن دھاڑے لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات، ایل ای ڈی ٹی وی، پستول اور دیگر قیمتی اشیاء لوٹ کر فرار ہو گئے، میرپور پولیس نے رپورٹ درج کر کے تفتیش شروع کر دی تاہم وہ ابھی تک ایک چور کو بھی گرفتار کرنے میں ناکام رہی۔

تفصیلات کے مطابق چور جھنگی لمبا میرا میں منٹل کالونی کے قریب محمد سعید خان جدون ولد منظور خان کے گھر سے لاکھوں روپے مالیت کا 12 تولے سونے کے زیورات، ایک ایل ای ڈی ٹی وی، لائسنس یافتہ پستول سمیت دیگر قیمتی اشیاء لوٹ کر فرار ہو گئے۔ سعید خان اپنے والد سے ملنے مانگل گئے ہوئے تھے کہ چور اہلخانہ کی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گھر کی دیواریں پھلانگ کر اندر داخل ہوئے اور ٹی وی لائونچ کا تالہ توڑ کر گھر کے اندر داخل ہو گئے، چوروں نے گھر کی دیگر چابیاں جو گھر میں ہی موجود تھی، لیکر گھر کے تمام کمروں کے دروازے کھول کر خوب لوٹ مار کی۔

(جاری ہے)

سعید خان شام کے وقت اپنے بچوں کے ہمراہ جب اپنے گھر کا مین گیٹ کھول کر اندر داخل ہوا تو دیکھا کہ تمام سامان ادھر ادھر بکھرا پڑتا ہے۔ دیکھنے پر معلوم ہوا کہ چور گھر سے 12 تولے کے طلائی زیورات، ایل ای ڈی ٹی وی، ایک لائسنس یافتہ پستول، ان تلے کپڑوں سمیت دیگر قیمتی اشیاء گھر لوٹ کر فرار ہوئے گئے ہیں۔ سعید خان نے فوری طور پر پولیس کو واقعہ سے متعلق اطلاع کی۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر رپورٹ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ واضح رہے کہ جھنگی لمبا میرا میں آئے روز چوری کی پے در پے وارداتیں پولیس کیلئے لمحہ فکریہ ہیں، پولیس کا گشت نہ ہونے کے باعث چور آئے روز کسی نہ کسی کو لوٹ کر چلے جاتے ہیں اور پولیس ہاتھ پر ہاتھ دھرے تماشائی بنی ہوئی ہے۔ اہلیان علاقہ نے ڈی ایس پی امجد خان اور ایس ایچ او میرپور سردار رفیق کو چوروں کے خلاف عدم دلچسپی لینے پر یہاں سے تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :