طالب علم ہمارا مستقبل ہیں،ان کو بہترین تعلیمی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوئی دقیقہ فراگذاشت نہیں کیا جائے گا،کمشنر ساہیوال

بدھ 22 نومبر 2017 17:15

اوکاڑہ۔22 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2017ء) کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے کہا ہے کہ طالب علم ہمارا مستقبل ہیں ان کو بہترین تعلیمی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوئی دقیقہ فراگذاشت نہیں کیا جائے گا،اساتذہ کرام طالب علموں کیلئے رول ماڈل بنیں ان کی بہترین تعلیم و تربیت کے ساتھ کردار سازی پر بھی بھر پور توجہ دیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیڈٹ کالج اوکاڑہ کا دورہ کرتے ہوئے کیا،کمشنرساہیوال علی بہادر قاضی نے کیڈٹ کالج اوکاڑہ کے دورہ کے موقع پر یادگار شہدا (اے پی ایس) پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی،اس موقع پر کیڈٹ کالج اوکاڑہ کے کیڈٹس نے کمشنر ساہیوال کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا،علاوہ ازیں پرائمری سکول کے دورہ کے موقع پر کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے طالب علموں سے نصاب سے متعلق سولات پوچھے اور انہیں شاباش دی ،کمشنر ساہیوال نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کو آرٹر ہسپتال سائوتھ سٹی اور چک نمبر 4فور ایل کے پرائمری سکولز کا دورہ کیا اور وہاں پر جاری تعمیراتی کام کا بھی جائز ہ لیا ،علی بہادر قاضی نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی ترجیحی بنیادوں پر تکمیل از حد ضروری ہے تاکہ لوگوں کی مشکلات اور مسائل کو کم کرنے میں یہ منصوبے اپنا کردار ادا کر سکیں،انہوں نے کہا کہ لوگوں کو صحت اور تعلیم کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کیلئے ساہیوال ڈویژن کے تمام اضلا ع میں بھر پور اقدامات کئے جا رہے ہیں،انہوں نے تعمیراتی منصوبوں کے سربراہوں کو ہدایت کی کہ وہ معیاری مٹیریل کے استعمال کو یقینی بنائیں اور ذاتی نگرانی کے ذریعے وسائل کے ضیاع کو روکنے کے لئے فول پروف اقدامات کریں ،انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کو آرٹر ہسپتال کے دورہ کے موقع پر مختلف وارڈ ز کا بھی معائنہ کیا اور مریضوں سے ہسپتال کی جانب سے فراہم کی جانے سہولیات اور مفت ادویات کی فراہمی بارے بھی دریافت کیا،انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو صفائی ستھرائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے اور مریضوں کو دستیاب سہولیات میں بہتری کے لئے مسلسل اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :