گورنمنٹ ڈیف اینڈ ڈیفیکٹو ہیئرنگ سکول اٹک کی معذوروں کے عالمی دن کے حوالے سے پروگرام میںضلع بھر طلبہ و طالبات انتظامیہ اور والدین کوشرکت کی دعوت

بدھ 22 نومبر 2017 17:14

اٹک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2017ء) گورنمنٹ ڈیف اینڈ ڈیفیکٹو ہیئرنگ سکول اٹک نے معذوروں کے عالمی دن کے حوالے سے پروگرام میں ضلع بھر کے 9سکولوں کے طلبہ و طالبات ضلعی انتظامیہ اور والدین کوشرکت کی دعوت دیدی۔ سکول منیجمنٹ کونسل کے فیصلے کے مطابق اس تقریب کا انعقاد 7 دسمبر کو مذکورہ سکول میں کیا جائے گا، تقریب میں ضلع بھر کے تمام معذور افراد کے لیے قائم کیے گئے سکولوں کے لگ بھگ 400طلبہ و طالبات، اساتذہ، والدین اور ضلعی انتظامیہ شریک ہوں گے۔

مہمانِ خصوصی کرنل(ر) شاہد اور صدارت ڈپٹی کمشنر رانا اکبر حیات ہو نگے، سکول منیجمنٹ کونسل کے اجلاس میں چیئرمین حافظ عبدالحمید، پرنسپل نجمہ شاہین، ممبران ڈاکٹر شوکت، رضا نقوی، صابر حسین، شیر افضل، اختر قریشی، محمد عارف، میڈم عذرا بی بی اور میڈم حمیرا نے شرکت کی․ حافظ عبدالحمید نے کہا کہ کسی بھی معذوری میں مبتلا بچوں کے ساتھ ہمدردی، شفقت، محبت اور اظہارِ یکجہتی ان بچوں کے حوصلے کو تقویت فراہم کرتی ہے، جس سے ان کے دل میں آگے بڑھنے کی لگن پیدا ہوتی ہے، ہمارا دینی مذہبی اور اخلاقی فریضہ ہے کہ ہم ان کی حوصلہ افزائی کر کے انہیں احساسِ محرومی سے دور رکھیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پرنسپل نجمہ شاہین نے ایس ایم سی کو اپنی تفصیلی ماہانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی․ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ دنوں بیگم چیئرمین پی اے سی کامرہ کینٹ اور ان کے ہمراہ دیگر ایئرفورس خواتین افسران جبکہ اسسٹنٹ کمشنر اٹک مرضیہ سلیم نے بھی سماعت اور گویائی سے محروم بچوں کے سکول کا دورہ کیا اور بچوں کی تعلیمی اور ہنر مندانہ سرگرمیوں کو دیکھ کر تعریف کی۔ اجلاس میں معذوروں کے عالمی دن کے حوالے سے ہونے والے پروگرام میں ٹیبلو وغیرہ کروانے کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے ترجیحات ترتیب دی گئیں۔