عہدیداران 30 نومبر کو پارٹی کی گولڈن جوبلی کے موقعے پر اپنے اپنے گھروں پر پارٹی پرچم لہرائیں،بلاول بھٹو زرداری

بدھ 22 نومبر 2017 16:11

عہدیداران 30 نومبر کو پارٹی کی گولڈن جوبلی کے موقعے پر اپنے اپنے گھروں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تمام پارٹی عہدیداران کو ہدایت کی ہے کہ وہ 30 نومبر کو پارٹی کی گولڈن جوبلی کے موقعے پر اپنے اپنے گھروں پر پارٹی پرچم لہرائیں۔ جاری کردہ ہدایات میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور فاٹا میں ضلعی سطح پر پارٹی کا یوم تاسیس شایان شان طریقے سے منایا جائے۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا کہ جیالے ضلعی سطح پر ہونے والے پروگراموں میں بھرپور شرکت کر کے پارٹی اور اس کے مشن سے تجدید عہد وفا کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور ہزاروں جیالوں نے پارٹی مشن کے لیئے اپنی جانوں کی قربانیاں دے کر تاریخ رقم کی۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ گولڈن جوبلی تقریبات کے سلسلے میں 5 دسمبر کو اسلام آباد کے پریڈ گرائونڈ میں عظیم الشان جلسہ ہوگا اور کارکنان اس تاریخی پروگرام میں شرکت کے لیئے اسلام آباد پہنچیں۔